سرگودھا+ساہیوال/ سرگودھا+ لاہور (نامہ نگار+ خصوصی نامہ نگار)سجادہ نشین آستانہ عالیہ سیال شریف حضرت خواجہ حافظ محمد حمیدالدین سیالوی کو آہوں، سسکیوں کے ساتھ ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں دربار آستانہ عالیہ سیال شریف میں حضرت خواجہ محمد قمر الدین سیالویؒ کے پہلو میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں شریک ہر شخص کی آنکھ اشک بار تھی۔ ملک بھر سے ہزاروں عقیدت مندوں، مریدین اور پیر بھائیوں نے شرکت کی۔ پیر آف سیال شریف کی عمر 85سال تھی اور وہ کچھ عرصہ سے علیل تھے۔ مرحوم 1982میں اپنے والد حضرت خواجہ محمد قمر الدین سیالوی کے وصال کے بعد سجادہ نشین بنے۔ نواز شریف کے دور حکومت میں سینیٹر بھی رہے۔ ان کے چھوٹے بھائی صاحبزادہ غلام نصیرالدین سیالوی مرحوم نواز شریف کے دور حکومت میں صوبائی وزیر اوقاف پنجاب رہے۔ 2017ء میں نواز شریف حکومت کیخلاف ختم نبوتؐ کے مسئلہ پر ملک گیر تحفظ ختم نبوتؐ تحریک کی قیادت کی۔ خواجہ محمد حمیدالدین سیالوی کی وفات پر عمران خان، وزیراعلی عثمان بزدار،گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ان کے صاحبزادے چیئرمین شمس و قمر فاؤنڈیشن اور مرکزی رہنما پی ٹی آئی صاحبزادہ محمد قاسم سیالوی سے فون کر کے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ مرحوم کی نماز جنازہ سجادہ نشین مہار شریف صاحبزادہ محمد ہاشم نے پڑھائی۔ خواجہ محمد حمیدالدین سیالوی کی وفات پر انجمن تاجران ساہیوال کی اپیل پر تحصیل بھر میں کاروباری مراکز، دکانیں، مارکیٹیں، سوگ میں بند رہیں۔ ختم قل کل 20ستمبر اتوارکو آستانہ عالیہ سیال شریف پر ہوگا۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خواجہ پیر محمد حمید الدین سیالوی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ حضرت خواجہ پیر حمید الدین سیالوی کی روحانی، دینی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری، ڈائریکٹر جنرل اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری، مفتی محمد رمضان سیالوی خطیب داتا دربار، قاری محمد عارف سیالوی سابق صوبائی خطیب اوقاف اور مولانا احمد رضا سیالوی نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
سجادہ نشین سیال شریف حمید الدین سیالوی آہوں، سسکیوں میں سپردخاک
Sep 19, 2020