پی سی بی حکام آئندہ ہفتے مصبا ح الحق ‘اظہر علی سے ملاقات کرینگے 

Sep 19, 2020

لاہور( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ عہدیدار آئندہ ہفتے ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق اور ٹیسٹ کپتان اظہر علی سے ملاقات کریں گے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے ہیڈ کوچ مصباح الحق، کپتان اظہر علی اور محمد حفیظ کی جانب سے وزیر اعظم اور پیٹرن انچیف پی سی بی سے براہ راست رابطوں، ان سے ملاقات اور اس حوالے سے بورڈ کو عین وقت پر بتانے پر ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو مصباح، اظہر اور حفیظ کی جانب سے پی سی بی کو بائی پاس کرنے پر خوش نہیں ہیں۔ احسان مانی یا وسیم خان یا دونوں کوچ اور کپتان کے ساتھ میٹنگ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق مصباح اور اظہر پی سی بی کے ملازم ہیں، انہوں نے جو طریقہ کار اپنایا وہ درست نہیں تھا۔، انہیں بورڈ کی پالیسی کے مطابق اعلیٰ حکام کو اعتماد میں لیے بغیر پیٹرن انچیف سے بات نہیں کرنی چاہیے تھی۔

مزیدخبریں