لاہور، اسلام آباد (کامرس رپورٹر، این این آئی) صدرعارف علوی نے تائے پی گیس پائپ لائن منصوبے کی جلد تکمیل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے سے دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی ،گوادر بندرگاہ سے ترکمانستان کو مختصر ترین راستہ تجارتی راستہ فراہم ہوگا۔ عارف علوی سے ترکمانستان کے صدر گْربنگْلی بردی محمدوف نے ٹیلیفونک رابط کیا جس میں پاک -ترکمانستان تعلقات ، تائے پی گیس پائپ لائن منصوبے ، اور ٹی اے پی پاور ٹرانسمیشن لائنز کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں صدور نے موجودہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار اور برادر ممالک کے مابین تجارتی ، معاشی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔صدر عارف نے گیس پائپ لائن منصوبے کی جلد تکمیل پر زور دیا ، صدر نے کہاکہ منصوبے سے دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی ۔ صدر مملکت نے کہاکہ چائنہ پاکستان معاشی راہداری علاقائی روابط کو فروغ دے گی اور خطے کے ممالک بالخصوص افغانستان اور وسطی ایشیائی ممالک کو زبردست فائدہ ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ گوادر بندرگاہ سے ترکمانستان کو مختصر ترین راستہ تجارتی راستہ فراہم ہوگا۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گوادر اور ترکمان باشی کی بندرگاہوں کے مابین تعلقات پر مفاہمت کی یادداشت کو جلد حتمی شکل دینے کی تجویز دی ۔دونوں صدور نے افغان امن عمل پر تبادلہ خیال اور طویل تنازعے کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا ۔ صدر مملکت عارف علوی نے کہاکہ عالمی برادری بھارتی غیر قانونی طور پر مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا نوٹس لے۔ترکمان صدر نے دوطرفہ تجارت ، مواصلات ، زراعت ، صنعت ، ٹرانسپورٹ ، اور سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپس کے اجلاس آن لائن بلانے کی تجویز دی ۔ترکمان صدر نے ڈاکٹر عارف علوی کو 2021 میں اشک آباد میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ۔ دریں اثناء صدر مملکت نے ایوان صدر میں لاہور چیمبر آف کامرس کی چوتھی ایکسپورٹ ٹرافی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن لانے کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے اور یہ پاکستانی کاروباروں خصوصاً برآمدی صنعتوں کے لئے بھی ایک بہترین موقع ثابت ہوگا اور دوسرے ہمسایہ ممالک تک رسائی بھی ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات کو بڑھانے اور ابھی تک وہ منڈیاں جہاں پاکستان کی ایکسپورٹس بہت کم ہیں خصوصا افریقی خطے میں مزید مارکیٹنگ اور نئی پراڈکٹس کو متعارف کروانا بہت ضروری ہے۔ صدر نے زراعت اور دیگر شعبوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے استعمال پر زور دیا تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ کارکردگی دکھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے برعکس، جدید ٹکنالوجی نے تاجروں کیلئے سپلائی چین کے ساتھ ساتھ، ڈیزائن اور ٹارگٹ مارکیٹوں کی ضروریات کا اندازہ کرناآسان بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی برآمدات کاٹن، گندم، چاول اور گنے کے گرد گھوم رہی ہے،جبکہ موجودہ مصنوعات میں ویلیو ایڈیشن اور اور انفارمیشن ٹیکنالوجی جیسے جدید شعبوں میں سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ 2010 تک دنیا کی سرفہرست 10 کمپنیاں تیل کے شعبے سے وابستہ تھیں لیکن فی الحال ان کی جگہ آئی ٹی (انفارمیشن ٹیکنالوجی) فرموں نے لے لی ہے، جس نے اس شعبے کا وسیع مستقبل واضح ہے۔صدر نے زرعی ماہرین کو بھی مشورہ دیا کہ وہ اس خانے سے باہر سوچیں اور گنے کی جگہ لینے کے لئے چقندر سے چینی تیار کرنے پر غور کریں جس سے پانی کے وسائل پر کم بوجھ پڑتا ہے۔ انہوں نے بزنس کمیونٹی سے کہا کہ وہ صنعت کاروں کی مدد کریں اور خواتین اور مختلف اہل افراد کے لئے ملازمت کے مواقع پیدا کریں۔صدر نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی رحمت سے اور احساس پروگرام کے ذریعے کی جانے والی تقسیم سے کرونا وائرس سے لڑنے میں کامیاب ہوا ہے۔لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ لاہورچیمبر کا مقصد ایکسپورٹ ٹرافی کے توسط سے کاروباری اداروں کی نئی منڈیوں میں رسائی اور ان اداروں کی حوصلہ افزائی کرنا جبکہ برآمدات کو بڑھانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے کے ذریعے اپنی مصنوعات کو مزید بہتر بنانا ہے۔انہوں نے لاک ڈاؤن کے دوران حکومت کے مثبت کردار کو سراہا۔قبل ازیں، ڈاکٹر عارف علوی نے ایکسپورٹ ٹرافی جیتنے والوں میں ایوارڈ تقسیم کیے۔ نثارسپننگ ملز کے میاں طارق نثار نے صدر پاکستان ٹرافی، سکس بی فوڈ انڈسٹریز کے محمد طاہر انجم نے صدر پاکستان گولڈ ٹرافی، نوبل فوڈز سے جہانزیب جاوید، ور ویژن سسٹمز سے حمزہ امجد وزیر،اویس فینسی کڑھائی کے غلام نبی، فارما ہیلتھ پاکستان سے شاہ زیب اکرم، سمبل انڈسٹریز کے بلال اعجازنے لاہور چیمبر گولڈن ٹرافی حاصل کی جبکہ سرور فوڈز سے طارق محمود، سپریم رائس ملز سے عبدالوحید، اتفاق ٹریڈنگ کمپنی سے جاوید احمد، 4 بی جینٹیل انٹرنیشنل سے محمد ندیم قریشی،ایپیسول کے اخلاق احمداور اٹلس ایکسپورٹس سے رانا عبد المنان اور بی بی چمپک انڈسٹریز کے فیاض حیدر نے بہترین ایکسپورٹ پرفارمنس ٹرافی حاصل کی۔ اس کے علاوہ قلم کار سے آفتاب احمد، برائڈل زون سے حارث عتیق بیسٹ ایکسپورٹ برانڈ ٹرافی وصول کی۔ صدر پاکستان نے لاہور چیمبر کے سابق صدور افتخار علی ملک، میاں انجم نثار،لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ، سینئر نائب صدر علی حسام اصغر اور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد کو تعریفی ایوارڈز بھی دیئے۔