سستی بجلی کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے: عمران

اسلام آباد (وقائع  نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو سستی اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ حکومت بجلی کے شعبے میں اصلاحات کیلئے پر عزم ہے۔ ان اصلاحات کا بنیادی محور عوام کو سستی اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت عوام کو سستی اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی کے حوالے سے جاری اصلاحات کے عمل کا جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز،  وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر برائے توانائی عمر ایوب، معاون خصوصی ندیم بابر اور سینیئر افسران شریک تھے۔ معاشیات اور توانائی کے شعبوں میں تحقیق کے عمل سے وابستہ بین الاقوامی ماہرین جن میں لندن سکول آف اکنامکس کے پروفیسر ڈاکٹر رابن برجس اور شکاگو یونیورسٹی کے پروفیسر مائیکل گرین سٹون اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شریک تھے۔ معاشیات اور توانائی کے شعبے سے منسلک ماہرین نے اپنے تجربے،  اور پاکستان میں بجلی کے شعبے کے حوالے سے تحقیق کی روشنی میں پاکستان میں بجلی کے شعبے میں جاری اصلاحات اور معاشی ترقی میں بجلی کے شعبے کے اہم کردار کے پیش نظر مختلف تجاویز پیش کیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے ماہرین کی پاکستان میں بجلی کے شعبے کے حوالے سے تحقیق کو سراہتے ہوئے کہا کہ  توانائی کا شعبہ ملک کی معاشی و اقتصادی ترقی میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ بد قسمتی سے ماضی میں بجلی کے شعبے میں بدلتے وقت اور گھریلو و صنعتی صارفین کی بڑھتی ضروریات کے پیش نظر  اصلاحات کے عمل پر کوئی توجہ نہ دی گئی جس کی وجہ سے پاکستان میں معاشی و اقتصادی ترقی کے پوٹینشل سے استفادہ نہ کیا جا سکا۔ وزیراعظم نے توانائی، خصوصاً بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے عمل کی جلد تکمیل یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے بین الاقوامی ماہرین کی پاکستان میں بجلی کے شعبے میں  اصلاحات کے حوالے سے تجاویز کی حوصلہ افزائی کی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ملکی تشخص، تہذیب و ثقافت اور قومی ورثے کو اجاگر کرنے کے حوالے سے سینما انڈسٹری کا کردار اور سینما انڈسٹری کی بحالی کے حوالے سے اجلاس  بھی ہوا۔ اجلاس میں وزیرِ اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز، وزیر صنعت محمد حماد اظہر، معاون خصوصی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، معاون خصوصی سید ذوالفقار عباس بخاری، سینیٹر فیصل جاوید خان  و دیگر  نے شرکت کی۔  اجلاس میں سینما انڈسٹری کو درپیش چیلنجز اور ان کو دور کرنے کے حوالے سے مجوزہ حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز اور پاکستانی قوم کے منفرد تشخص کو اندرون اور عالمی سطح پر اجاگر کرنا، پاکستانیت کا فروغ اور نوجوان نسل کو قومی ورثے سے روشناس کرانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ عوام کو معیاری اور سستی تفریح کی فراہم کے ساتھ ساتھ سینما معاشرتی اقدار اور قومی تہذیب و تمدن کو اجاگر کرنے کے ضمن میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں سینما انڈسٹری کی زبوں حالی کی وجہ سے نہ صرف غیر ملکی مواد کی بھرمار ہوئی ہے بلکہ اس سے نوجوان نسل کی اعلیٰ اقدار پر مبنی تربیت کی کوششیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔ لہٰذا اس حوالے سے ترجیحی بنیادوں پر کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے سینما انڈسٹری کی بحالی اور مقامی سطح پر معیاری فلموں کی تیاری کے حوالے سے مراعاتی پیکیج دینے کی تجاویز کے حوالے سے تمام متعلقہ وزارتوں اور محکموں کو ہدایت کی کہ ان تجاویز پر عملدرآمد کا روڈ میپ جلد از جلد پیش کیا جائے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...