دہشت گردی، فرقہ واریت کے پیچھے بھارت ،مذموم کوششیں ناکام بنادیں گے: پاکستان

اسلام  آباد (سٹاف رپورٹر) اس بات کے ٹھوس شواہد موجود ہیں کہ  بھارت، پاکستان کے اندر  دہشت گردی، فرقہ واریت  پھیلانے میں ملوث ہے۔ بھارتی کوششوں کا مقصد پاکستان کو غیر مستحکم  کرنا ہے۔ پاکستانی قوم  متحد ہے۔ قومی اتحاد اور یکجہتی سے بھارت کی ہر مذموم کوشش ناکام بنا دیںگے۔ جمعرات کے روز ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران دفتر خارجہ کے ترجمان نے  پاکستان میں دہشت گردی کی بھارتی سرپرستی، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال، اقوام متحدہ میں وزیر اعظم عمران خان کے  مجوزہ خطاب اور افغانستان کی صورتحال سمیت متعدد موضوعات کا احاطہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ  پاکستان انسانی حقوق کے بارے میں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر  کی جانب  سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور شہریوں کے خلاف پیلٹ گنز کے اندھا دھند استعمال پر ایک بار پھر تشویش ظاہر کرنے کا خیرمقدم کرتا ہے۔ پاکستان غیر قانونی طور پر مقبوضہ وادی میں آبادیاتی تناسب میں تبدیلی کی کوششوں اور مظالم کی مذمت کرتا ہے ۔ پاکستان مطالبہ کرتا ہے کہ بھارتی حکومت فوری طور پر تمام حریت قیادت کو رہا کرے اور مقبوضہ کشمیر میں انٹرنیٹ اور مواصلاتی رابطے بحال کرے۔ ترجمان نے کہا کہ رواں سال بھارت نے2280 بار  جنگ بندی  کی خلاف ورزی کی۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 75ویں یوم تاسیس کے موقع پر اعلیٰ سطح کے اجلاس کی مجموعی بحث منگل کو شروع ہوگی۔ کرونا  کی وجہ سے  عائد کردہ پابندیوں کی وجہ سے اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں کا امکان نہیں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں آن لائن شرکت کریں گے جبکہ وہ دوسری اعلیٰ سطح کی مصروفیات میں بھی شرکت کریں گے۔ ترجمان  نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں پائیدار امن کا حامی ہے۔ زلمے خلیل زاد نے اپنے حالیہ دورہ پاکستان میں افغان امن عمل میں پاکستانی کردار کو سراہا ہے اور امید کرتے ہیں کہ تمام افغان دھڑے اپنے وعدوں کی پاسداری کریں گے۔ اسرائیل اور عرب ریاستوں کے درمیان تعلقات سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ پاکستان فلسطینی ریاست کا حامی ہے اور فلسطین کے دو ریاستی حل پر یقین رکھتا ہے۔ پاکستان مشرق وسطیٰ میں امن چاہتا ہے جبکہ القدس الشریف فلسطین کا دارالحکومت ہونے کی حمایت کرتے ہیں۔ پاکستان نے بھارت کی جانب سے فرانسیسی ساختہ 5 رافیل لڑاکا طیاروں کو اپنی فضائیہ میں شامل کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے خطے میں منفی اثرات پڑیں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ چین سے کشیدگی کے باوجود بھارت اپنے جوہری ہتھیاروں کو تعداد اور صلاحیت دونوں پہلوؤں سے مزید وسعت دے رہا ہے۔ رافیل طیارے دوہری صلاحیت کے حامل ہیں اور جوہری ہتھیاروں کو لے جانے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں'۔ 'یہ قابل تشویش ہے کہ بھارت اپنی سکیورٹی ضروریات سے بڑھ کر اپنی عسکری صلاحیت میں بدستور اضافہ کررہا ہے'۔ ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ کلبھوشن کیس میں کوئین کونسل کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ بھارت کو بتایا کہ کلبھوشن کوصرف پاکستانی وکیل ہی دیا جا سکتا ہے۔ بھارت کی کوشش ہے کہ وکیل باہر سے لایا جائے لیکن پاکستانی قانون کے مطابق ایسا ممکن نہیں،۔ انہوں نے بتایا کہ نوازشریف کے حوالے سے  وارنٹ وزارت خارجہ کوموصول ہوئے، وارنٹ فوری طور پر پاکستانی ہائی کمیشن لندن کو بھجوا دیئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان اصلاحات، ایک جاری عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون کونسل کے اجلاس میں روس نے پاکستان  سے اپنا نیا سیاسی نقشہ ہٹانے کی درخواست نہیں کہ بلکہ بھارت نے ماحول خراب کرنے کی کوشش کی جس میں اسے ناکامی ہوئی۔
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)  وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی  نے کہا ہے کہ ریکوڈک کے معاملے  میں پاکستان کو اہم کامیابی اور وقتی طور پر  ایک بہت بڑا ریلیف ملا ہے۔ کرونا کی وجہ سے جب معیشت دباؤ میں ہے ان حالات میں یہ بڑا ریلیف ہے۔ چین ہمارا دوست ہے، مشکل وقت میں چین نے ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ  بھارت نہتے کشمیریوں پر طاقت کا استعمال  گذشتہ 7دہائیوں سے کر رہا ہے۔ طاقت کے استعمال سے یہ مسئلہ حل نہیں ہو گا۔ کشمیر میں بھارتی حکمت عملی مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ حکمت عملی ناکام ہونے کی آوازیں ہندوستان کے اندر سے اٹھ رہی ہے۔ بھارت نے یکطرفہ قوانین اور بندشوں کے ذریعے کشمیریوں کی آوازکو دبانا چاہا۔ 5اگست 2019ء کے بعد کشمیریوں پر جو مظالم ڈھائے گئے اس کی مثال نہیں ملتی۔ بھارت وقتی طور پر آواز دبانے میں کامیاب تو ہو سکتا ہے مگر ان مظالم سے مسئلہ حل نہیں ہو گا۔ بھارتی اقدامات کی وجہ سے آج کشمیریوں میں اشتعال پایا جاتا ہے۔ آج غیرقانونی قبضے والے بھارتی کشمیر میں آزاد کشمیر کا پرچم لہرایا جا رہا ہے۔ آج بھارتی غیر قانونی قبضے والے کشمیر میں شہیدوں کو پاکستان کے پرچم میں لپیٹ کر دفن کیا جارہا ہے۔ کشمیر میں پاکستان زندہ باد کے  نعرے لگتے ہیں۔ یہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں نے بھارت کے یکطرفہ فیصلوں کو قبول نہیں کیا۔ ہم کشمیر کا مسئلہ ہر فورم پر اٹھاتے رہیں گے۔ آج عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیرکو زیر بحث لایا جا رہا ہے۔ ایس سی او اجلاس کی سائیڈ لائن پر میری دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں ہوئیں۔ ان دو طرفہ ملاقاتوں میں بھی مسئلہ کشمیر زیربحث آیا۔ وزیراعظم عمران خان 25 تاریخ کو جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اپنے خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر پر بات کریں گے۔ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ نے کیسے نظرانداز کیا اس پر بات ہو گی۔ اقوام متحدہ نے جہاں بہت سی کامیابیاں سمیٹی ہیں وہاں فلسطین اور کشمیر کے مسئلے کو حل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ میں نے یورپین یونین کی سفیر سے اپنی ملاقات کے دوران بھی یہی کہا کہ یورپی یونین تو انسانی حقوق کی علمبردار ہے ان کو کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر آواز اٹھانی چاہئے۔ کشمیر میں انسانی حقوق کو بیدردی سے پامال کیا جا رہا ہے۔ سعودی عرب کے ساتھ ہمارے بہت گہرے تاریخی تعلقات ہیں۔ سعودی عرب کیساتھ ہمارا ایک جذباتی لگاؤ ہے۔ اللہ کا کرم ہے کہ کرونا کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ وزیر اعظم کی سربراہی میں این سی او سی سمیت ہمارے تمام متعلقہ اداروں نے  کرونا وبا کے حوالے سے کامیابی حاصل کی ہے۔ ہم نے تعلیمی ادارے کھول دیے ہیں، وہاں بھی ہمیں ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہو گا۔ طبی ماہرین بار بار اس خدشے کا اظہار کر رہے ہیں کہ موسم سرما میں کرونا کی دوسری لہر آسکتی ہے۔ ہمیں احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے رہنا ہوگا  تاکہ ہم غفلت کے مرتکب نہ ہوں۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...