10برسوں میں گاڑیاں الیکٹرک ٹیکنالوجی پرمنتقل ہوجائینگی: فواد چوہدری 

Sep 19, 2020

 اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ  انٹرنیٹ کے بغیر ترقی ممکن نہیں ہے ، ہولوگرام ٹیکنالوجی کے بعد فاصلے ختم ہو جائیں گے اور آئندہ 10سال میں دنیامیں گاڑیاں الیکٹریک ٹیکنالوجی میں شفٹ ہوجائیں گی۔ جمعہ کو یونیورسٹی آف بلتستان کے زیراہتمام یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلتستان یونیورسٹی کی 2سالہ کارکردگی شاندارہے، آپ ہمارے محافظ ہیں اور ہر پاکستانی کو جی بی کے عوام پر فخرہے، قوموں کے مستقبل کو ناپنے کا پیمانہ وہاں کی یونیورسٹیز کا معیار ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ یونیورسٹی آف بلتستان نے قلیل وقت میں اہم تخلیقی اقدامات اٹھائے، طلبا علمی جستجو کو بڑھانے کے لیے اپنے پسند کے شعبہ کا انتخاب کریں، گلگت بلتستان کے لیے فور جی سروس دینا اہم ترین ذمہ داری ہے۔وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کہا کہ انٹرنیٹ کے بغیر ترقی ممکن نہیں ہے، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر سے میں رابطے میں ہوں، ٹیکنالوجی سیکھنے کے لیے انگریزی زبان پر بھرپور توجہ دیں۔ان کا کہنا تھا کہ 6سال میں اساتذہ اور ڈاکٹرز کی فزیکل موجودگی کی ضرورت ختم ہوجائے گی ، آئندہ 10سال میں دنیا میں گاڑیاں الیکٹرک ٹیکنالوجی میں شفٹ ہوجائیں گی۔فواد چوہدری نے کہا کہ نئی ٹیکنالوجی کوجتنی جلدی سیکھ سکتے ہیں سیکھیں، زراعت کے شعبے کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوگا، آپ کی محنت سے پاکستان کامیاب ترین ملک بن کر ابھرے گا۔

مزیدخبریں