سیالکوٹ+لاہور (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ+خصوصی رپورٹر) شہباز شریف نے کہا ہے کہ سوا تین برس میں عوام کا دل بھر چکا ہے اور وہ نکوں نک ہوگئی ہے، مہنگائی سے لوگ تنگ ہیں۔ عوام پھر کیوں نہ نواز شریف کی حکومت کو یاد کریں۔لیگی ووٹروں نے پی ٹی آئی کی جنم بھومی کو اس کا قبرستان بنا دیا۔ چینی ایک سو دس روپے تک پہنچ چکی جبکہ ہمارے دور میں 92 روپے سے اوپر نہیں گئی تھی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں کامیابی پر کارکنوں سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں منصوبے چل چکے ان کا جاکر افتتاح کر رہے ہیں۔ جب میں جادو ٹونہ کی بات کرتا ہوں تو ناراض ہوتے ہیں۔ 2018 میں شاید ووٹ دیا ہوگا کہ تبدیلی آجائے گی۔ کنٹونمنٹ بورڈ میں آپ کے خلاف ووٹ دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں ہسپتالوں میں دوا مفت ملتی تھی، بچوں جو قابلیت پر لیپ ٹاپ فری ملتے تھے، آج کرونا آیا تو انہیں لیپ ٹاپ سے بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ کل بھی پٹرول بم چلا۔ یہ دھوکا اور فراڈ تھا جو 2018 میں نیازی نے کیا۔ آج ہم آئی ایم ایف سے قرضے مانگ رہے ہیں۔ عوام کو مہنگائی کے خلاف جنگ کرنا ہوگی۔ اگلا الیکشن مسلم لیگ ن پورے ملک میں میدان مارے گی۔ ہمارا مطالبہ ہے الیکشن فری اینڈ فیئر کرانا ہوگا۔ اگر یہ بلے باز ہے تو جائے اور بلا چلانا سکھائے وزیراعظم ہاؤس کو چھوڑے۔ میں نے جلد بازی میں کہہ دیا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کر دونگا ورنہ نام بدل دینا،جلد بازی کر دی مگر پھر چار برس میں ریکارڈ بجلی پیدا کی۔ خواجہ آصف نے کہا کہ شہباز شریف کنٹونمنٹ میں کامیابی پر سیالکوٹ آکر مبارک باد دینے کی خواہش کی جو میرے لئے عزت وسرمایہ ہے۔ ہم ہر سطح پر نواز شریف کے ورکر ہیںاور آج پارٹی زندہ ہے تو صرف نواز شریف کی وجہ سے ہے۔ اگر الیکشن شفاف ہونگے تو نواز شریف کے سپاہی ہر جگہ جیتیں گے۔ احسن اقبال، رانا ثناء اللہ ، خواجہ سعد رفیق اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ موٹروے نواز شریف نے بنائی اور کھاریاں کا بھی پلان نواز شریف کا تھا۔ شہباز شریف دور میں پنجاب نے ترقی کی۔ سارا ملک گواہی دیتا ہے ہمارے دور میں دہشت گردی ختم ہوئی۔ گیس کی لوڈشیڈنگ ختم کی۔ بھارت اور بنگلہ دیش آگے نکل گیا ہے مجھے ڈر ہے کہ افغانستان بھی آگے نہ نکل جائے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگلا الیکشن مسلم لیگ (ن) کا ہوگا۔ شفاف انتخابات کرانا ہوں گے۔ اس بار جھرلو نہیں چلے گا۔ کنٹونمنٹ بورڈز الیکشن میں کامیابی معمولی معرکہ نہیں، کنٹونمنٹ بورڈز وہ علاقے ہیں جہاں پی ٹی آئی نے جنم لیا تھا، اسی جنم بھومی میں پی ٹی آئی کی سیاسی موت ہوگئی، پورے پنجاب میں تحریک انصاف کو مسترد کر دیا۔ جہاں ن لیگ کے منصوبے بن چکے ہیں وہاں پی ٹی آئی اپنی تختیاں لگارہی ہے، ریاست مدینہ کا نام لیا جاتا ہے اور کام اس کے لیے الٹ کئے جاتے ہیں۔ کنٹونمنٹ انتخابات میں لوگوں نے ضمیر کے مطابق ووٹ دیا، اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ کنٹونمنٹ انتخابات میں مداخلت کانشان نہیں تھا۔ اگلے الیکشن میں (ن) لیگ پورے ملک میں میدان مارے گی، اب کوئی جھرلو الیکشن برداشت نہیں ہوگا، ملک کو سول بالادستی اور قانون کی حکمرانی چاہیے، ملک کے تمام آئینی اداروں سے مطالبہ ہے کہ صاف شفاف انتخابات کرائیں، اگر ایسا ہوجائے تو یہی ان کی مفاہمت ہے ہر صورت صاف شفاف الیکشن چاہیے ہیں، اگر شفاف الیکشن نہیں ملتے تو ہم قانونی راستہ لیں گے، جو ہمارا حق ہے۔شہباز شریف نے پی ایف یو جے کے سابق سیکرٹری جنرل اور سینیئر صحافی سی آر شمسی کی وفات پر رنج و غم اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ سی آر شمسی نے عمر بھر صحافیوں کے حقوق کے لئے گراں قدر جدوجہد کی جمہوریت پسندی ان کی پہچان رہی۔
لیگی ووٹروں نے پی ٹی آئی کی جنم بھومی کو اسکا قبرستان بنا دیا : شہباز شریف
Sep 19, 2021