مہنگائی سے نجات چاہیے تو پی ٹی آئی حکومت کو گھر بھیجنا ہو گا: بلاول

Sep 19, 2021

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ صدارتی آرڈیننس کے ذریعے بجلی کے بلوں میں 35 فیصد تک انکم ٹیکس کے نفاذ کے بعد پانی سر سے اونچا ہوچکا ہے، عمران خان نے مہنگائی کو پاکستان کے عوام کا سب سے بڑا مسئلہ بنادیا، قوم فیصلہ کرلے کہ اگر مہنگائی سے نجات چاہیے تو پی ٹی آئی حکومت کو گھر بھیجنا ہوگا، مہنگائی کے خلاف ملک بھر کے عوام کمر کس کر باہر نہ نکلے تو عمران خان کے عوام پر حملے نہیں رکیں گے، بجلی کے 10 ہزار روپے تک کے بلوں پر پانچ اور 20 ہزار تک کے بلوں پر 10 فیصد انکم ٹیکس مسترد کرتے ہیں، بجلی کے 30 ہزار روپے تک کے بلوں پر 20 فیصد جبکہ 40 ہزار روپے تک کے بلوں پر 20فیصد انکم ٹیکس مہنگائی کا ایک نیا طوفان لائے گا، پٹرول کے بعد بجلی کی قیمتیں بڑھنے سے فیکٹریوں کی پیداواری لاگت میں ہونے والا اضافہ عام آدمی کے بجٹ کو مزید متاثر کرے گا، عوام موبائل فون کارڈ سے لے کر گروسری کی اشیاء تک بالواسطہ ٹیکسوں کی صورت میں پہلے ہی اربوں روپے قومی خزانے میں جمع کرارہے ہیں، اگر ٹیکس لگانا ہے تو عمران خان اپنے امیر دوستوں پر لگائیں جنہیں ٹیکسوں میں اربوں کھربوں روپے کی چھوٹ دی گئی۔بلاول بھٹو زرداری نے خورشید احمد شاہ کی نیب اسیری پر بیان  میں کہا کہ سید خورشید احمد شاہ گذشتہ دو سالوں سے نیب کے اسیر بنے ہوئے ہیں۔سید خورشید احمد شاہ کو قید میں رکھنا اور ان کے اہلخانہ کو جھوٹے مقدمات میں گھسیٹنا سلیکٹڈ حکمرانوں کے بدترین انتقام کی واضح مثال ہے۔

مزیدخبریں