واشنگٹن(صباح نیوز) امریکہ نے خسرہ کومتعدی بیماریوں کی فہرست میں شامل کرلیا،امریکی صدر جو بائیڈن نے خسرہ کو متعدی بیماریوں کی فہرست میں شامل کرنے کے ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کر دیئے۔حکم نامے کے تحت امریکی حکام خسرہ کے مریضوں کو اب قرنطینہ کرنے کا حکم دے سکیں گے، خسرہ کے مریضوں کے لیے قرنطینہ کی نوعیت اور دورانیئے کی تفصیل نہیں بتائی گئی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق خسرہ کو متعدی بیماریوں کی فہرست میں شامل کرنے کا اقدام حالیہ سالوں میں خسرہ کے بڑھتے کیسز کے سبب کیا گیا۔امریکا میں 2020 میں خسرہ کے 13 کیسز کی تصدیق ہوئی تھی، جبکہ امریکا نے 2000 میں ملک کو خسرہ کی بیماری سے پاک قرار دیا تھا۔وائٹ ہاوس کے حکام کا کہنا ہے کہ افغانستان سے امریکا آنے والوں کے لیے کورونا وائرس اور پولیو کی ویکسی نیشن کے ساتھ خسرہ کی ویکسی نیشن بھی درکار ہو گی۔واضح رہے کہ افغانستان سیانخلا کرنے والوں کو مختلف ممالک میں امریکی فوجی اڈوں پر رکھا گیا ہے اور ان کی امریکا روانگی سے قبل ویکسی نیشن کرائی جا رہی ہے۔
خسرہ/ دستخط