مکرمی! قرآن مجید کی طباعت واشاعت کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے سب سے پہلے صوبہ پنجاب میں ’’ قرآن بورڈ ‘‘ کاقیام عمل میں لایا گیا تھا ۔پھر خیبر پختونخواہ اور بلوچستان میں قرآن بورڈ قائم کئے گئے ، گلگت بلتستان میں بھی قرآن بورڈ بنانے کی تیاری ہے اسی طرح اسلام آباد کے لئے بھی قرآن بورڈ کے قیام کااعلان ہوچکا ہے ۔ آزاد جموں کشمیر بھی ایک وسیع خطہ ہے جہاں لاکھوں مسلمان رہتے ہیں ۔ آزاد جموں کشمیر کے وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی اور صدر بیرسٹر سلطان محمود سے میرا مطالبہ ہے کہ آزاد جموں کشمیر میں بھی قرآن بورڈ قائم کیا جائے تاکہ وہاں بھی قرآن مجید کی طباعت اور شہید مقدس اوراق کی حفاظت کے حوالے سے درپیش مسائل حل کئے جائیں پی ٹی آئی کے بانی اور وزیر اعظم عمران خان پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کاعزم رکھتے ہیں ۔ اس عزم پر ہم جناب عمران خان صاحب کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اب جبکہ آزاد جموں کشمیر میں بھی پی ٹی آئی کی حکومت بن چکی ہے ، پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کے عزم کاتقاضا ہے کہ آزاد جموں کشمیر میں بھی فی الفور قرآن بورڈ کاقیام عمل میں لایا جائے ۔ امید ہے کہ وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی اور صدر بیرسٹر سلطان محمود میری ان گزارشات پر توجہ دیں گے اور قرآن بورڈ کے قیام کے لئے احکامات جاری کریں گے ۔ ( حاجی ناظم الدین ممبر پنجاب قرآن بورڈ)
آزاد جموں کشمیر میں ’’ قرآن بورڈ ‘‘ کاقیام عمل میں لایا جائے
Sep 19, 2021