لاہور(خصوصی نامہ نگار)منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے سنٹرل پنجاب ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ منہاج القرآن اتحاد امت کی داعی تحریک ہے۔منہاج القرآن نے اتحادِ امت اور پرامن معاشرہ کی تشکیل کے لیے تعلیم و تربیت کے مثالی ادارے قائم کیے۔اسلام کا سچا پیروکار کبھی تنگ نظر نہیں ہو سکتا۔ہماری فکری رہنمائی کا سرچشمہ اسوۂ رسول ؐ ہے۔ ظلم اور استحصال کے خلاف آواز اٹھانا دینی و قومی ذمہ داری ہے۔ورکرز کنونشن اور عہدیداروں کی حلف برداری کی تقریب سے سنٹرل پنجاب کے نائب ناظم اعلیٰ علامہ رانا محمد ادریس نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور نو منتخب عہدیداروں کا تعارف کرایا۔ ورکرز کنونشن میں لاہور کے 6اضلاع(زونز)سمیت سنٹرل پنجاب کے 21اضلاع کے فورمز کے صدور وجنرل سیکرٹریز اور شعبہ خواتین کی مرکزی و صوبائی عہدیداروں نے شرکت کی۔ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے باشعور کارکنان ظلم کے خلاف مصلحت سے پاک کلمہ حق بلند کرنے کی جرأت رکھتے ہیں۔ کارکنوں نے جانیں دے کر ظلم کے نظام کے چہرے سے پردہ ہٹایا۔ شہدائے ماڈل ٹاؤن کا خون رنگ لائے گا۔ قاتل کتنے ہی بااثر اور چالاک سہی ایک روز بے گناہوں کا خون بہانے کے جرم میں نشان عبرت بنیں گے۔سینئر رہنما میاں ریحان مقبول نے کہا کہ ہم فکری اور نظریاتی رہنمائی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تعلیمات اور عملی اقدامات سے لیتے ہیں۔