بھارت نہیں چاہتا پاکستان پرعالمی دنیا کا اعتماد بحال ہو۔ حنید لاکھانی

Sep 19, 2021

کراچی  (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و سربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی نے نیوزی لینڈ کا دورہ پاکستان اچانک ملتوی کرنے کو بھارت کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک پرامن اور محفوظ ترین ملک ہے، نیوزی لینڈ کی سیریز کا عین وقت پر ختم ہونا پاکستان کے امن کو بدنام کرنے کی سازش ہے جس میں بھارت ملوث ہے، پوری دنیا جانتی ہے کہ اس وقت پاکستان کے حالات بہت اچھے ہیں پھر یوں اچانک سیکورٹی کے مسئلے کو وجہ بناتے ہوئے سیزیز کو ملتوی کر دینا سمجھ سے بالاتر ہے۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے ہفتہ کو حنید لاکھانی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کیا۔ حنید لاکھانی نے کہا کہ پاکستان کی حکومت نے سیریز کے فول پروف سیکورٹی کے انتظامات کئے ہوئے تھے جبکہ سیریز کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم سے بھی بات چیت کی ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے نیوزی لینڈ کرکٹ کے ذمہ داران اور آفیشلز کو بغیر تماشائیوں کے بھی میچ کھیلنے کی پیش کش کی تھی لیکن مہمان ٹیم کی انتظامیہ اس پر بھی قائل نہ ہوئی ، پاکستان اپنی سرزمین پر اٹھارہ سال بعد نیوزی لینڈ کی میزبانی کرنے کے لئے تیار تھا اور یہ بات بھارت کو ہضم نہیں ہو رہی تھی جو حیلوں بہانوں سے پاکستان کو بدنام کرتا رہتا ہے ، فیٹف میں بھی بھارت نے پاکستان کو بدنام کروانے کے لئے سازش کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نہیں چاہتا کہ پاکستان کے اوپر عالمی دنیا کا اعتماد بحال ہو ساری دنیا جانتی ہے کہ پاکستان نے امن کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں اور سب سے زیادہ دہشت گردی سے نقصان بھی پاکستان نے اٹھایا ہے ، بھارت خود ایک دہشتگرد ملک ہے اور جب بھی پاکستان میں دہشت گردی ہوئی اس کے تانے بانے بھارت سے ہی جا کر ملے ہیں۔ حیندلاکھانی نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کو یوں اچانک واپس بلا لینے سے جہاں شائقین کرکٹ کی دل آزاری ہوئی ہے وہیں پاکستان کی ساری محنت اور مہمان نوازی بھی خاک میں مل گئی ، نیوزی لینڈ انتظامیہ کے اس رویے او ر فیصلے سے کرکٹ سے پیار کرنے والوں کے جذبات کو بھی شدید ٹھیس پہنچی ہے۔
حنید لاکھانی

مزیدخبریں