کراچی(نیوز رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز منسوخی پر پروپیگنڈا کرنے والی اپوزیشن جماعتیں زہریلے سانپ ہیں۔اپوزیشن جماعتوں کی حساس معاملے پر سستی سیاست افسوسناک ہے۔ ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے پاکستان کی سالمیت پر ہمیشہ منفی سیاست کی۔ خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ ٹیم کیلئے پاکستان کی عظیم فوج سیکیورٹی پر مامور رہی۔ اس سے قبل سری لنکا، زمبابوے،ویسٹ انڈیز اور دیگر ٹیموں نے پاکستان کا دورہ کیا ہے۔ ہمیں پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسیز اور فورسز پر مکمل اعتماد ہے۔ اپوزیشن گمراہ کن بیانات سے باز رہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری قوم پر امن قوم ہے اور اس ملک کو امن کا گہوارا بنانے کے لئے سیکورٹی فورسز سمیت عوام نے بے تحاشہ قربانیاں دی ہیں۔ افواج پاکستان نے ایک طویل عرصے تک دہشت گردی کے خلاف جنگ کر کے اس ملک میں امن و امان قائم کیا ہے۔ نیوزی لینڈ دورہ منسوخی کے پیچھے سیکورٹی وجوہات نہیں بلکہ ایک سازش ہے۔ اس سازش میں اپوزیشن جماعتوں کا بڑھ چڑھ کر حصہ لینا انتہائی شرمناک عمل ہے۔ اس معاملے پر پوری قوم پی سی بی اور سیکورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔
خرم شیرزمان