500 نالوں کی صفائی کا دعویٰ‘صرف5 نالے دکھائے جائیں۔ جمال صدیقی

کراچی(نیوز رپورٹر)  پاکستان تحریک انصاف کراچی کے ترجمان و رکن سندھ اسمبلی جمال صدیقی نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر ناصر شاہ جن 500 نالوں کی صفائی کا دعوی کررہے ہیں ان میں سے 5 نالے عوام کو دکھادیں۔ سندھ حکومت میں نالوں کی صفائی سے زیادہ نااہلوں کی صفائی کی ضرورت ہے۔ پیپلزپارٹی کے منہ سے میڈیا کی آزادی اور حقوق کی بڑی بڑی باتیں اچھی نہیں لگتیں۔ صحافیوں اور حکومت کے معاملے کو پیپلز پارٹی سیاسی رنگ دینے کی کوشش کررہی ہے۔ جمال صدیقی نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نے 35ارب روپے کے فنڈز سے این ڈی ایم اے اور ایف ڈبلیو او کے ذریعے کراچی کے بڑے نالوں کی صفائی کا عمل مکمل کروایا جس کی وجہ سے حالیہ مون سون میں کراچی ڈوبنے سے بچ گیا۔ سندھ حکومت کی نا اہلی کے سبب صوبائی حکومت کی ذمہ داریاں بھی وفاقی حکومت پوری کررہی ہے۔ جمال صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی اقتدار میں عزیز میمن اور اجے لعلوانی جیسے جرت مند صحافیوں کو قتل کیا گیا۔ وزیر موصوف بتائیں ان کی سندھ حکومت نے قاتلوں کی گرفتاری اب تک یقینی کیوں نہیں بنائی؟ پاکستان کے صحافی ہمارے لیے قابل احترام ہیں اپوزیشن جماعتیں حکومت کے خلاف منفی پراپگنڈا کرنے سے باز رہیں۔ پی ایم ڈی اے بل کوپیپلز پارٹی متنارع بنانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم آزادی صحافت پر یقین رکھتے ہیں،پاکستان میں میڈیا ہاوسز اور صحافیوں کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔
 جمال صدیقی

ای پیپر دی نیشن