لاہور :سماجی کارکن اور کرکٹ لیجنڈ وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے پاکستان کو دنیا بھر میں محفوظ ترین مقام قرار دیا ہے۔
شنیرا اکرم کا بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے سیکورٹی خدشات کے بہانے پاکستان کا دورہ ختم کر دیا ہے۔نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے میچ شروع ہونے سے چند منٹ قبل دورہ منسوخ کرنے اعلان کیا جس سے دنیا بھر میں بحث چھڑ گئی کہ کیا واقعی سیکورٹی خدشات ہیں یا صرف ایک بہانہ ہے۔
ایک ٹویٹ میں شنیرا اکرم نے کہا کہ دنیا میں کوئی ایسی جگہ نہیں جہاں وہ پاکستان سے زیادہ محفوظ محسوس کریں۔
کیوی ٹیم 18 برس بعد پاکستان سیریز کھیلنے آئی تھی جبکہ اس سے پہلے زمبابوے، بنگلہ دیش، سری لنکا اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں اور آئی سی سی الیون پاکستان میں کھیل چکی ہے۔پاکستان میں سری لنکن ٹیم پر 2009 میں حملے کے بعد کئی سال کرکٹ کے میدان ویران رہے تاہم اب امن بحال ہونے کے بعد پاکستان میں پی ایس ایل کا انعقاد کامیابی کے ساتھ کیا جارہا ہے اور کئی غیر ملکی پرامن ماحول میں کرکٹ کھیل کر جاچکی ہیں تاہم نیوزی لینڈ نے پاکستان آمد اور تمام تر تیاریوں کے باوجود میچ سے قبل کھیلنے سے انکار کرکے ایک نیا تنازعہ پیدا کردیا ہے۔
کیوی ٹیم کے سیکورٹی مشیر کے مطابق انہیں سیکورٹی تھریٹ موصول ہوا ہے گو کہ انہوں نے اس دھمکی سے متعلق تفصیلات بتانے نہیں بتائیں۔تاہم اس دھمکی کی بنیاد پر پاکستان کے ساتھ سیریز منسوخ کردی ہے اور کیوی ٹیم گزشتہ شب اپنے دیس واپس روانہ ہوچکی ہے اور اب انگلینڈ کے آئندہ ماہ جبکہ فروری 2022 میں آسٹریلیا کے دورہ پاکستان پربھی غیر یقینی کے بادل چھاگئے ہیں۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کو بتایا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کوا سٹیڈیم کے باہر حملے کا خوف تھا۔