پاکستان کاجذبہ خیرسگالی ،خوراک کے 17 ٹرک طورخم بارڈر پر افغانستان کے حوالے کردیئے 

Sep 19, 2021 | 16:25

ویب ڈیسک

پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کے تحت کھانے پینے کی اشیاء کے 17 ٹرک پاک افغان طورخم بارڈر پر افغانستان کے حوالے کردیئے ہیں۔

پاکستان سے آٹا، چینی، دالیں اور کوکنگ آئل افغان عوام کے لیے بھجوایا گیا ہے۔ پاک افغان طورخم بارڈر پر پاک افغان کوآپریشن کی طرف سے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کے تحت خوردنی اشیا کے 17 ٹرک افغان حکام کے حوالے کیے۔ان اشیاء میں  190 ٹن آٹا، گیارہ ٹن کوکنگ آئل، 31 ٹن چاول، 65 ٹن چینی اور 3 ٹن دالیں شامل ہیں۔ افغان حکام نے اس حوالے سے پاکستان کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔

اس سے قبل بھی پاک فضائیہ کا سی130 طیارہ امدادی سامان لے کر کابل گیا تھا۔ امدادی پیکج میں تقریباً 10 ٹن آٹا ، 1.5 ٹن گھی اور ادویات شامل تھیں۔افغانستان اس وقت شدید اقتصادی بحران سے دو چار ہے اور حالیہ مہینوں میں یہ صورت حال مزید خراب ہو گئی ہے۔پاکستان نے عالمی برادری پر بھی زور دیا ہے کہ وہ افغان عوام کی مدد میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ ممکنہ انسانی بحران سے بچا جا سکے۔

چین نے بھی افغانستان کے لیے تین کروڑ ڈالر سے زائد کی امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ بیجنگ ا فغانستان میں ترقی کے لیے مدد دے گا۔

اقوام متحدہ میں انسانی امور کے دفتر (او سی ایچ اے) نے عالمی برادری سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ افغانستان کے عوام کو زندگی بچانے والے سازوسامان فراہم کیا جانا چاہیئے۔

مزیدخبریں