بیجنگ (آئی این پی) تیانجن میونسپلٹی کی پیپلز گورنمنٹ نے حکومت پاکستان کی امداد اور بحالی کی کوششوں میں مدد کے لیے سیلاب متاثرین کے لیے 10 ملین آر ایم بی کے امدادی پیکج کا اعلان کر دیا ، امدادی سامان میں خیمے، فوڈ پیکجز اور کمبل شامل ہیں جن کی پاکستان میں فوری ضرورت ہے۔گوادر پرو کے مطابق اس فیصلے کا اعلان تیانجن کے پارٹی سیکرٹری لی ہونگ زونگ نے سفیر معین الحق کے نام ایک خصوصی خط میں کیا گیا ۔ سوگوار خاندانوں کے ساتھ اپنے دکھ اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے لی ہونگ ژونگ نے کہا کہ آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنر اور آئرن برادر کی حیثیت سے چین اس مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ گوادر پرو کے مطابق سیلاب زدگان کی جلد بحالی کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے لی نے تیانجن میونسپلٹی کے پاکستان کے جڑواں شہروں اور صوبوں کے ساتھ گہرے تعلقات کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ گزشتہ روز ویڈیو لنک کے ذریعے امدادی سامان کی اجراء کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں ، ڈی جی ایف اے او تیانجن میونسپل گورنمنٹ لوان جیان ژانگ ، ڈی جی ایشیائی امور چینی وزارت خارجہ لیو جن سونگ ، سفیر معین الحق،ایڈمنسٹریٹر کراچی میونسپل گورنمنٹ مرتضیٰ وہاب اور چائنیز پیپلز ایسوسی ایشن فار فرینڈ شپ ود فارن کنٹریز کے اعلیٰ عہدیدار نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر معین نے تیانجن میونسپلٹی کی جانب سے پیش کی جانے والی فوری مدد کو سراہا۔ اس بات کو دوہرایا کہ دونوں ممالک ماضی میں ہمیشہ مشکل وقت میں ایک ساتھ کھڑے رہے ہیں، سفیر معین نے کہا کہ پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے چین کی امداد نے ایک بار پھر دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی منفرد نوعیت کو ثابت کیا ہے۔