اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) سعودی فنڈ فار ڈیولپمنٹ(ایس ڈی ایف) نے پاکستان کو دی گئی3 ارب ڈالر ڈیپازٹ کی سہولت میں توسیع کی تصدیق کردی۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی)کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان کے مطابق 3ارب ڈالر کی رقم 5دسمبر 2022 کو واپس کرنا تھی، جسے ایک سال کے لیے بڑھا دیا ہے۔ ایس بی پی کا کہنا تھا کہ یہ ڈپازٹس سٹیٹ بینک آف پاکستان کے پاس رکھے جاتے ہیں اور یہ غیر ملکی زرمبادلہ کا حصہ ہوتے ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ یہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مسلسل مضبوط اور خصوصی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ خیال رہے 24 مئی 2022 کو سعودی عرب کے وزیرخزانہ محمد الجدعان نے کہا تھا پاکستان کو دی گئی 3 ارب ڈالر کی سہولت میں توسیع کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔ سعودی عرب نے گزشتہ برس پاکستان کے سٹیٹ بینک میں 3 ارب ڈالر ڈپازٹ رکھے تھے تاکہ پاکستان کے قومی ذخائر میں مدد ملے۔
سعودی عرب نے پاکستان کیلئے 3 ارب ڈالر ڈیپازٹ کی میعاد ایک سال بڑھادی
Sep 19, 2022