اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاک فضائیہ کی جانب سے خیبر پختونخوا، سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو، ریلیف اور بحالی کی کارروائیاں جاری ہیں۔ جاری اعلامیہ کے مطابق پاک فضائیہ کے اہلکار سیلاب زدگان کی بہبود، خوراک، رہائش، پینے کے پانی، طبی امداد اور بنیادی ضروریات کی بروقت فراہمی کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔ ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاک فضائیہ کی جانب سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 20ہزار 60 پکے ہوئے کھانے کے پیکٹ،8ہزار 851 پانی کی بوتلیں اور 2ہزار 520 راشن پیکٹس سمیت امدادی سامان چوہڑ جمالی، میرپور خاص، سنداد، بلو، جھل مگسی، راجن پور، مٹیاری، تلہار، مچی، بولانی، لاشاری، ناروا، مچکا، گھارو، جاتی، کوڈاریو، حاجی پور، بستی شیر محمد، لاکھڑا، مٹیاری، سعید آباد، شہدادکوٹ، صحبت پور، بستی جاگیر گبول، فاضل پور اور اللہ ورائیو جمالی کے ضرورت مند خاندانوں میں تقسیم کیا گیا۔ پاک فضائیہ کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں نے نصیر آباد، جیکب آباد، کھیروی، سندھڑی، سانگھڑ، گوٹھ اسماعیل، کمہار، سرگل، پھلاری، دادو، پگدر شاہ، میاں پوٹا، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، ٹھل، سیہون، نواب شاہ، سکرنڈ، اسابھٹی، سکھر، پیر پٹھو، اتھل، حیدرآباد، میرپور خاص، تلہار، نواکلی، گلستان کلی صالح اور کلی حبیب زئی کے سیلاب متاثرین کو بھی امداد فراہم کی۔ مزید براں پاک فضائیہ کی طرف سے لگائے گئے فری میڈیکل کیمپس مقامی لوگوں کو مسلسل مفت طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فیلڈ ہسپتالوں میں تعینات پاک فضائیہ کی میڈیکل ٹیموں نے 489 مریضوں کا مفت علاج بھی کیا۔
پاک فضائیہ کی سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو، بحالی کی کارروائیاں جاری
Sep 19, 2022