ن لیگ نے میرے فلاحی نصوبے انا کی بھینٹ چڑھائے ، خدمت کا ریکارڈ قائم کریں گے : پرویز الٰہی 

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف دور میں سیرت اکیڈمی کو تالا لگا کر غیرفعال کرنا افسوسناک ہی نہیں‘ قابل مذمت بھی ہے۔ یہ قوم کے منصوبے ہیں جنہیں روک کر قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا۔ مخالفین کی سوچ صرف ذاتی مفادات کے گرد گھومتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیرت اکیڈمی کو بحال اور متحدہ علماء بورڈ کو فعال کیا جائے گا۔ مدینہ یونیورسٹی، جامعہ الازہر اور عالم اسلام کی دیگر نمایاں جامعات کے اشتراک سے ایم فل کی کلاسیں ہونگی۔ متحدہ علماء بورڈ کو فعال کرکے دین کی خدمت کا کام لیا جائے گا۔ سیرت اکیڈمی میں دینی نصاب کے حوالے سے تحقیقی کام بھی کیا جائے گا۔ بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے کوششیں جاری رکھی جائیںگی۔ طاہر اشرفی نے سیلاب متاثرین کیلئے وزیراعلیٰ پرویزالٰہی کی کاوشوںکی تعریف کی۔ طاہر اشرفی نے کہا  کہ دین کی خدمت کیلئے وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ایم پی اے حافظ عمار یاسر‘ راسخ الٰہی‘ پرنسپل سیکرٹری  وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی‘ سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ جی ایم سکندر‘ سابق صدر بنک آف پنجاب ہمیش خان اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں چہلم حضرت امام حسین کے موقع کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی رات گئے تک چہلم حضرت امام حسین پر سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کرتے رہے اور عزاداروں کی سہولت کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کیلئے کئے گئے انتظامات سے لمحہ بہ لمحہ باخبر رہے۔ وزیراعلیٰ سے وزیراعلیٰ آفس میں ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے ملاقاتیں کیں۔ پرویزالٰہی سے ملاقات کرنے والوں میں ایم این اے سردار ذوالفقار علی خان دولہ‘ فوزیہ بہرام‘ ملک فدا حسین‘  ضلعی صدر پیر وقار حسین‘ سرگودھا سے ٹکٹ ہولڈر اسامہ میلہ اور دیگر شامل تھے۔ ارکان اسمبلی نے سیلاب زدگان کی مدد کیلئے وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کی قیادت میں پنجاب حکومت کے اقدامات کو سراہا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے تلہ گنگ کے ہسپتال کو اپ گریڈ اور بستروں کی تعداد 100 تک بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پنجاب میں میرے دور کے فلاحی منصوبوں کو سیاسی انا کی بھینٹ چڑھایا۔  (ن) لیگ نے میرے عوامی منصوبے روک کر پنجاب کے عوام سے زیادتی کی۔ پنجاب کے عوام کی سہولت کیلئے میرے سابقہ دور میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے۔ مخالفین کی سیاست صرف نمود و نمائش تک محدود ہے۔ ہم نے پہلے بھی عوامی خدمت کا ریکارڈ قائم کیا۔انشاء اللہ اب بھی عوامی خدمت کے ریکارڈ قائم کریں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے نجی شعبے کے تعاون سے دیہات و انڈسٹریز کو گیس کی فراہمی کے پراجیکٹ کی اصولی منظوری دیدی۔ ایل این جی ایزی پرائیویٹ لمیٹڈ پنجاب کے دیہات اور انڈسٹریز کو گیس فراہم کرے گی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کلرکہار کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پرویزالٰہی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی وتعزیت کا اظہار کیا۔

ای پیپر دی نیشن