لاہور( کامرس رپورٹر)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی 38ویں عالمی نمائش میں شرکت کیلئے غیر ملکی خریداروں کی پاکستان آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جو غیر ملکی خریدار مختلف وجوہات کی بناء پر پاکستان نہیں آسکے۔ وہ ویڈیو لنک کے ذریعے نمائش میں شریک ہوں گے۔ قوی امید ہے کہ عالمی نمائش پاکستان کی ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کو ترقی دینے کا ذریعہ ثابت ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے چیئرمین میجر (ر ) اختر نذیر نے 20ستمبر سے شروع ہونے والی عالمی نمائش کی حتمی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نمائش کے چیف آرگنائزر اعجا ز الرحمان نے اجلاس کے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک، کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف ،سینئرایگزیکٹو ممبر ریاض احمد، عثمان اشرف ،سعید خان ، اکبر ملک سمیت دیگر بھی شریک ہوئے۔ میجر (ر) اختر نذیر نے نمائش کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی نمائش میں اعلیٰ معیار اور جدید ڈیزائنوں سے مزین دیدہ زیب مصنوعات ڈسپلے کی جائیں گی جس سے غیر ملکی خریدار وں کو راغب کرنے میں مدد ملے گی۔ اگر حکومت رعایتیں دے اور معاونت کرے تو اس صنعت میں بڑا پوٹینشل موجود ہے جس سے پاکستان کیلئے وسیع پیمانے پر زر مبادلہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ حکومتی اداروں کی جانب سے کسی طرح کا مالی اور تکنیکی تعاون میسر نہ آنے کے باوجود ایسوسی ایشن نے اس صنعت کی بقاء اور برآمدات کے فروغ کیلئے عالمی نمائش کا انعقاد کیا ہے اور ہم پر امید ہیں کہ اس کے ثمرات ملیں گے۔میجر (ر) اختر نذیر نے نمائش میںشرکت کرنے والے غیر ملکی خریداروں سے مستقبل میں مضبوط روابط کیلئے بھی حکمت عملی بارے تبادلہ خیال کیا۔
کارپٹ کی عالمی نمائش غیر ملکی خریداروں کی آمد شروع حکومت رعایتیں دے اختر نزیر
Sep 19, 2022