ملک کو بحرانی کیفیت سے نکالنے کیلئے مل کر آگے بڑھنا ہوگا: مولانا امجد خان 

Sep 19, 2022


لاہور (خصوصی نامہ نگار)جمعیت علماء اسلام کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان نے کہا کہ ملک کو بحرانی کیفیت سے نکالنے کیلئے مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔معاشی بحران ختم ہونے میں وقت لگے گا،لیکن یہ بحران تھما نہیں کہ سیلاب نے حالات سنگین کردیئے، یہ صورتحال قومی وحدت کا تقاضا کرتی ہے۔پانی اترنے کے بعد بیماریوں اور وبا کا اندیشہ ہے، اس صورتحال میں تمام اختلافات اور سیاست کو بالائے طاق رکھتے ہوئے سیلاب میں گھرے لوگوں کو نکالنے کیلئے ایک قوم بننا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے مسجد جانی شاہ مزنگ اور انار کلی میں مسجد رحمت والی میں ریلیف کیمپوں کا دورہ اور لکشمی چوک میں منرل واٹر شاپ کے افتتاح کے موقع پر ذمہ داران اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر خلیل الرحمن درخواستی، مولانا ملک سلیم ،چودھری عمران، مولانامحمد میاں،مولانا سعید خان،حافظ نثاراللہ،قاری یاسین،محمد وحید، قاری حسن،قاری محمودالحسن،حافظ عثمان، حافظ فضل کریم،حافظ عبدالصمد اور دیگر موجود تھے۔مولانا نے مزید کہا کہ اس نازک گھڑی میں دینی مدارس کا شاندار کردار پوری قوم نے دیکھا ہے۔ مہنگائی نے غریب کے لئے جینا مشکل کردیا۔ آئی ایم ایف سے قرضوں سے ریلیف نہیں بلکہ مزید مشکلات پیدا ہورہی ہیں۔ اہل ثروت حضرات کو آگے بڑھنا ھوگا۔سفید پوش لوگوں کا گزارا بھی ناممکن ہوگیا ہے۔ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے عملی طور پر اقدامات کرے۔

مزیدخبریں