لاہور (خصوصی نامہ نگار)تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام برصغیر پاک و ہند کے عظیم عبقری عالم دین، مجدد دین و ملت، اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان فاضل بریلوی کی تعلیمات کو اجاگر کرنے کے لیے 34ویں ’’افکارِ رضا سیمینار‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے ’’مقام و احکامِ ساداتِ کرام فتاویٰ رضویہ شریف کی روشنی میں‘‘ کے موضوع پر مقالہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ امام احمد رضا بریلوی نے اسلامی عقائد کو بیان کر کے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کیا۔ افکارِ رضا کی چمک اور مہک آج بھی اْمت مسلمہ کے لیے رہبر کا کردار ادا کر رہی ہے۔ آپ نے قرآن و سنت کی روشنی میں علمی دیانت اور تحقیقی عدالت سے سچے نظریات کو اجاگر کیا۔ آلِ رسول اور اصحابِ رسول کی ناموس کے تحفظ کے لیے آپ نے بڑے جامع اصول مرتب کیے ہیں۔پیر سید محمد اختر حسین شاہ مجددی نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کھرے کھوٹے کی پہچان کروانے میں جوکردار امام احمد رضا بریلوی نے ادا کیا، آج وہی کردار ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی ادا کر رہے ہیں۔ چنانچہ عصر حاضر میں فکرِ رضا کو سمجھنے کے لیے فکرِ جلالی ناگزیر ہو گئی ہے۔ آستانہ عالیہ کوٹلہ شریف کے چشم و چراغ حضرت مفتی محمد تنویر کوٹلوی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا: سیدنا داتا گنج بخش کے عرس مقدس پر بہت سے ایسے لوگوں کو تقریر کے لیے بلایا گیا، جو عقائدِ سیدنا داتا گنج بخش قدس سرہ العزیز سے انحراف کر چکے ہیں۔ شیخ الحدیث مفتی محمد ارشاد احمد حقانی نے کہا کہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی کی شبانہ روز محنت سے عوامِ اہل سنت عقائد اہل سنت پر پہرہ دینے کے لیے بیدار ہو گئے ہیں۔
افکارِ رضا کی چمک امت مسلمہ کیلئے رہبر کا کردار ادا کر رہی ، اشرف جلالی
Sep 19, 2022