مصیبت زدہ پاکستانی بھائیوں کی مدد ہم سب کا قومی فریضہ ہے ،حافظ بشارت


راولپنڈی(سٹاف رپورٹر )پرائیویٹ ایجوکیشنل سوسائٹی کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے دو لاکھ روپے کی امدادی رقم اور اشیا ضروریہ کے ٹرک بھجوائے گئے ہیں جبکہ امدادی چیک فیڈرل بورڈ کے چیئرمین قیصر عالم اور چیئرپرسن پیرا ضیا بتول کو الگ الگ حوالے کیے گئے ہیں، اس حوالے سے سوسائٹی کے صدر حافظ بشارت کا کہنا تھاکہ مصیبت زدہ پاکستانی بھائیوں کی مدد ہم سب کا قومی فریضہ ہے جسے بھرپور انداز میں ادا کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق پرائیویٹ ایجوکیشنل سوسائٹی کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی چیک چیئرمین فیڈرل بورڈ قیصر عالم اورپرائیویٹ سکولزریگولیٹری اتھارٹی(پیرا)کی چیئرپرسن مسز ضیا بتول کو پیش کیے گئے ہیں۔فیڈرل بورڈ میں چیک پیش کرنے کے موقع پر چیئرمین فیڈرل بورڈ قیصر عالم سیکرٹری فیڈرل بورڈ را عتیق جبکہ چیئرپرسن پیرامسز ضیا بتول کے ہمراہ سیکرٹری پیرا جاویداقبال بھی موجود تھے۔ وفد میں مرکزی صدر پرائیویٹ ایجوکیشنل سوسائٹی حافظ بشارت،مرکزی سیکرٹری جنرل ابرار حسین، ملک وقار صدر چاکرہ زون، صدر ترنول زون حافظ عبیداللہ، صدر بہارہ کہو راجہ خالد، صدر پی ڈبلیو ڈی شہزاد اقبال، مرکزی جوائنٹ سیکرٹری امجد آرائیں، ایڈووکیٹ را کلیم ودیگر عہدیداران وممبران کی کثیر تعداد موجود تھی۔

ای پیپر دی نیشن