راولپنڈی(سٹاف رپورٹر) انجمن فیض الاسلام کے صدر پروفیسر ڈاکٹر ریاض احمد نے کہا ہے کہ مادر وطن کے دفاع کیلئے جام شہادت نوش کرنے والے ہمارے ہیرو ہیں ۔ افواج پاکستان نے جس طرح ہماری جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کا حق ادا کیا اسی طرح سیاسی راہنمائوں کے ذمے نظریاتی سرحدوں کا تحفظ واجب الادا ہے ۔ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے فولادی عزم و حوصلے اور شخصیت و کردار کی پیروی کرکے ہی پاکستان کو ایک اسلامی فلاحی ریاست بنایا جا سکتا ہے ۔ ہمارے قائد کا کردار و عمل سنت نبوی ؐ کے تابع تھا جس کے اغیار بھی معترف ہیں ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار نیو کیمپس مندرہ میں شہدائے وطن کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے منعقدہ ایک خصوصی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سنیئر نائب صدر اظہار فاطمہ ، کیمپس کے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن کرنل (ر) میاں جمیل اطہر ، جوائنٹ سیکریٹری محمد طاہر ضیاء ، پرنسپل فیض الاسلام گرلز ماڈل سکینڈری سکول مسز مسرت شفیق ، پرنسپل بوائے سکول محمد فاروق قریشی اور دیگر عہدیداروں سمیت اساتذہ اور طلبہ بڑی تعداد میں موجود تھے ۔