راولپنڈی(سٹاف رپورٹر) انجمن تاجران کمرشل مارکیٹ نے تجاوزات مافیا کے خلاف بلاامتیاز آپریشن کا مطالبہ کیا ہے، وائس چیئرمین انجمن تاجران کمرشل مارکیٹ حماد قریشی صدر راجہ توحید احمد، جنرل سیکرٹری ساجد قریشی نے ایک ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کمرشل مارکیٹ میں کوئی سڑک گلی بغیر ناجائز تجاوزات کے نہیں ہے۔عہدیداران نے کہاکہ کمرشل مارکیٹ پارک کے چاروں اطراف قبرستان کی دیواروں کے ساتھ روڈز پر ہینگر مافیا، ریڑھی اور چپس سوڈے والے تجاوزات کر چکے ہیں ۔ اجلاس کو بتایا گیاکہ یہ تجاوزات مافیا ٹی ایم اے کی مبینہ ملی بھگت سے منتھلی بھتہ ادا کرتا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب چیف سیکرٹری پنجاب کمرشل مارکیٹ سٹلائٹ ٹائون سمیت شہر بھر میں قبضہ و تجاوزات مافیا کے خلاف کارروائی کریں بصورت دیگر انجمن تاجران کمرشل مارکیٹ آئندہ ہفتے کمشنر آفس کے باہر احتجاجی دھرنا دے گی ۔