حیدرآباد(بیورو رپورٹ)سیلاب متاثرین کے امدادی سامان سے بھرے نصف درجن سے زائد بڑے ٹرالر سرکاری گودام کے بجائے ڈی سی آفیس حیدرآباد کے باہر دکھائی دیئے۔تفصیلات کے مطابق سندھ میں سیلاب سے متاثرہ افراد کو امدادی سامان کی فراہمی کیلئے نصف درجن سے زائد بڑے ٹرالر ضلعی انتظامیہ حیدرآباد کو بھیجے گئے تھے جسے سرکاری گوداموں میں منتقل کیا جانا تھا لیکن تاحال حیدرآباد میں گاڑی کھاتہ اور مقامی کورٹ سے متصل ڈی سی ہائوس حیدرآباد کے مین گیٹ کے ساتھ اور ڈی سی ہائوس کے اندر ان بڑے ٹرالرکو سامان سے بھرا دیکھا گیا جس میں ذرائع کے مطابق ٹینٹ اور کھانے پینے کی اشیاء سمیت دیگرامدادی اشیاء کو سیلاب متاثرین کیلئے بھیجا گیا تھا اس سلسلے میں نوائے وقت کے رابطہ کرنے پر ضلعی انتظامیہ کے ترجمان نے بتایا کہ کئی ویلر ٹرالر جن کی تعداد نصف درجن سے زائد ہے،ان ٹرالر میں سے پانچ ٹرالر میں ٹینٹ اور اس سے ملحقہ سامان جبکہ باقی ٹرالرز میں کھانے پینے اور دیگر امدادی اشیاء اور سامان موجود ہے۔ترجمان کے مطابق جہاں متاثرین کو عارضی طور پر رہائش اختیا رکرائی گئی ہے اس کے قریب اتنی بڑی تعداد کا سامان رکھنے کیلئے کوئی سرکاری گودام موجود نہیں ہے، جس کے باعث تعلقہ کی سطح پر ان امدادی لائے گئے سامان کی تقسیم کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ڈی سی ہائوس حیدرآباد ان امدادی سامان سے بھرے ٹرالر زکو لایا گیا۔ان امدادی سامان سے بھرے ٹرالرز سے چھوٹی گاڑیوں اور ٹرکوں میں بھر کر متعلقہ تعلقہ کی سطح پر انتظامیہ کو بھجوائے جانے کا عمل جاری رکھا گیا ہے۔