وفاق کے سب سے بڑے ہسپتال پمزمیں ڈاکٹرز ،نرسزودیگر سٹاف کی کمی  


 اسلام آباد(خبر نگار)وفاقی دارالحکومت کے سب سے  بڑے ہسپتال پمزمیں ڈاکٹرز ،نرسز اور دیگر سٹاف کی شدید قلت،796آسامیوں پر بھرتی نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کو مشکلات کا سامناہے ہسپتال میں مریضوں کے رش کے باوجود ماہر ڈاکٹرز کی او پی ڈی جلدی ختم ہونے سے ایمرجنسی پررش میں بے پناہ اضافہ ہو گیا نئی بھرتی نہ ہونے سے شام کی او پی ڈی شروع کرنے کا منصوبہ بھی کھٹائی میں پڑ گیا،حکام کاکہنا ہے کہ ڈاکٹر کی مطلوبہ تعداد میسر ہو تو پمز ہسپتال میں شام کی او پی ڈی شروع کر دیں گے،تفصیلات کے مطابق پمزہسپتال میں ڈاکٹرز اور سٹاف نرسز کی شدید کمی ہونے کے باعث مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے،میٹرو بس کے سٹیشن کے باعث پمز ہسپتال میں مریضوں کی روزانہ کی بنیاد پر حاضری میں غیر یقینی طور پر اضافہ ہوا ہے،ذرائع کے مطابق رش بڑھنے کے باوجود پمز ہسپتال کے ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی آسامیوں میں اضافہ نہیں کیا گیا،دستیاب دستاویز کے مطابق پہلے سے موجود آسامیوں پر نئی بھرتی نہ ہونے کی وجہ سے ڈاکٹرز ،نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی شدید قلت کا سامنا ہے،پمزہسپتال میں اس وقت مختلف شعبہ جات کے ڈاکٹرز کی 253 آسامیاں خالی ہیں،نرسز کی 56جبکہ پیرا میڈیکل سٹاف کی 48آسامیاں خالی ہیں،ہسپتال کے دیگر عملہ جس میں لیب ٹیکنیشن،اٹینڈنٹ،آفس بوائے سمیت دیگر لوئر سٹاف کی تقریبا 245آسامیاں خالی ہیں،پمز ہسپتال کی او پی ڈی میں روزانہ کی بنیاد پر مختلف شعبہ جات میں آنے والے مریضوں کی تعداد 5000سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ ایمرجنسی میں2500سے3000روزانہ مریض آ رہے ہیں،مختلف شعبہ جات میں 100سے زائد آپریشن کیے جا رہے ہیں اس کے باوجود مریضوں کی بڑی تعداد کو آپریشن کے لیے انتظارکرنا پڑتا ہے کیونکہ ماہر ڈاکٹرز کی کمی ہے،پمزہسپتال میں معمولی آپریشن(پٹی،ٹانکے وغیرہ )کے 150-180مریض روزانہ ہسپتال کا وزٹ کرتے ہیں،گزشتہ کچھ عرصہ سے ہسپتال کے رش کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے شام کی اوپی ڈی شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی تاہم نئی بھرتی نہ ہونے کی وجہ سے منصوبہ کھٹائی کا شکار ہو گیا ہے،ذمہ دار افسر نے اس حوالے سے بتایا کہ ڈاکٹرز کی قابلیت اور بہتر علاج کے لئے ضروری ہے کہ وہ ایزی مائنڈ کے ساتھ مریضوں کا معائنہ کرے لیکن اس قدر رش میں مریضوں کا بہتر چیک اپ دینا ممکن نہیں ہو سکتا،پمزکے ڈائریکٹر ہسپتال ڈاکٹر خالد مسعود نے رابطہ کرنے پر تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ سٹاف کی قلت کے باعث مشکلات کا سامنا ہے تاہم کوشش کر رہے ہیں کہ محدود وسائل کے باوجود بہتر سہولیات دی جائیں،نئی بھرتی کے حوالے سے ڈاکٹر خالد مسعود نے کہا کہ کابینہ ڈویژن کی جانب سے نئی بھرتیوں پر پابندی کے باعث سٹاف ہائر نہیں کیاجا رہا۔

ای پیپر دی نیشن