چین کے اعلی عہدے دار کا  جنوبی کوریا کا خیرسگالی کا دورہ

Sep 19, 2022


سیول (شِنہوا)چینی قومی عوامی کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین لی ڑانگ شو نے جنوبی کوریا کی قومی اسمبلی کے اسپیکر کم جن پیاؤ کی دعوت پر سرکاری خیرسگالی دورہ کیا ہے۔ دورے میں لی نے جنوبی کوریا کے صدر یون سوک یوایل سے ملاقات کی اور کم کے ساتھ بات چیت کی۔ جنوبی کوریا کے صدر کے ساتھ ملاقات میں لی نے یون کو چینی صدر شی جن پھنگ کی جانب سے مبارکباد اور نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔ رواں سال چین۔ جنوبی کوریا سفارتی تعلقات کے قیام کی 50 ویں سالگرہ کا ذکر کرتے ہوئے لی نے کہا کہ شی اور یون نے مبارکباد کے پیغامات کا تبادلہ کیا ہے جس میں چین اور جنوبی کوریا تعلقات کے فروغ میں کامیابیوں اوراہم تجربے کا خلاصہ پیش کرتے ہوئے مشترکہ طور پر دو طرفہ تعلقات میں فروغ کی سمت کا تعین کیا گیا ہے۔ لی نے کہا کہ چین ہمیشہ جنوبی کوریا کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور وہ جنوبی کوریا کے ساتھ رابطے بڑھانے، عمومی رجحان کو سمجھنے، رکاوٹو ں کے خاتمے، تعاون پرتوجہ دینے اور دوستی مستحکم کرنے کو تیار ہے، تاکہ دونوں ممالک و عوام کو بہتر فائدہ پہنچانے کے لئے باہمی تعلقات کے مستحکم اور پائیدار فروغ پر مشترکہ طور پر زور دیا جاسکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیتے کہا ہے کہ اقتصادی اور تجارتی تعاون دو طرفہ تعلقات میں انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے فریقین پر زور دیا کہ وہ تعاون کو مزید گہرا کریں، اپنی ترقیاتی حکمت عملیوں میں ہم آہنگی بڑھائیں، چین۔ جنوبی کوریا آزاد تجارتی معاہدے کے مذاکرات کا دوسرا مرحلہ جلد مکمل کریں ، صنعتی اور سپلائی چین کی سلامتی اور استحکام کو یقینی بنائیں اور مشترکہ قواعد پر مبنی آزاد تجارتی نظام کو قائم رکھیں۔ لی نے کہا کہ عوام کے دوستانہ جذبات دو طرفہ تعلقات کی ترقی کی بنیاد ہیں، انہوں نے فریقین سے کہا کہ  وہ دونوں عوام کے درمیان دوستی بڑھانے کے لئے عوام، ذرائع ابلاغ اور تھنک ٹینکس کے درمیان تبادلے مزید مستحکم کریں۔

مزیدخبریں