اقوام متحدہ میں 24 ستمبر کو مودی کے خطاب موقع کشمری بڑا احتجاجی مظاہرہ کرینگے

Sep 19, 2022


مظفرآباد،نیویارک(نمائندہ خصوصی،مانیڑنگ ڈیسک)صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ 24ستمبربروز ہفتہ کو اس وقت جب بھارتی وزیر اعظم یا بھارتی وزیر خارجہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے لئے آئیں گے تو امریکہ میں مقیم کشمیری نیو یارک میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔ اس مظاہرے کے سلسلے میں امریکہ بھر میں پورے زور و شور سے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔امریکہ میں مقیم کشمیری اپنی نظریاتی، سیاسی، سماجی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر اس مظاہرے میں بھرپور انداز میں شرکت کر کے اسے کامیاب بنائیں اور اقوام عالم کو یہ باور کرائیں کہ دنیا بھر میں کشمیری مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ ہیں اور بھارت کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو اپنے توپ و تفنگ سے زیر نہیں کر سکتا اور ہماری یہ جدوجہد اس وقت تک جاری و ساری رہے گی جب تک کہ مقبوضہ کشمیر آزاد نہیں ہو جاتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں نیویارک کے علاقوں بروکلین میں سابق ممبر کشمیر کونسل سردار سوار خان کی رہائش گاہ اور کوئنز میں چوہدری ظہور کی رہائش گاہ پر 24ستمبر کو اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے کشمیریوں کے احتجاجی مظاہرے کی تیاریوں کے حوالے سے مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر بروکلین میں تقریب میں سابق ممبر کشمیر کونسل سردار سوار خان، قاضی مشتاق، پرویز صدیقی، انجینئر ارشد محمود، چوہدری صابر، سردار شفیع خان، سردار طاہر خان، راشد مسعود، چوہدری محمد حنیف، چوہدری اختر، قمر چوہدری، نوید چوہدری، واجد اکرم، عامر مقبول، سردار ساجد سوار، سردار باسط سوار، سلام خان، عرفان خان، عثمان خان، سردار واجد سوار اور دیگر بھی موجود تھے۔ جبکہ بعد ازاں صدر ریاست آزاد جموں وکشمیربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کوئنز میں چوہدری ظہورکی رہائش گاہ پر بھی 24ستمبر کے احتجاجی مظاہرے کے حوالے سے ایک تقریب میں شرکت کی۔اس موقع پر ان تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ میں نے امریکہ کے مختلف شہروں میں 24ستمبر کو اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے کشمیری عوام کے احتجاجی مظاہرے کی تیاریوں کے سلسلے میں مختلف تقریبات میں شرکت کی ہے اور یہاں پر مقیم تارکین وطن سے اپیل کی ہے کہ وہ اس احتجاجی مظاہرے میں بھرپور انداز میں شرکت کر کے بھارت کے مکروہ چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کردیں اور مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم وبربریت پر انٹرنیشنل کمیونٹی کی توجہ مبذول کرائیں۔ چونکہ بھارت 5اگست2019کے بعد سے مقبوضہ کشمیر میں بے پناہ تبدیلیاں کر رہا ہے جس سے وہ مسئلہ کشمیر کو ختم اور مقبوضہ کشمیر کو ہڑپ کرنا چاہتا ہے۔ لہذا ایسے وقت میں ضرورت اس امر کی ہے کہ امریکہ میں مقیم کشمیری اور پاکستانی تارکین وطن مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی پر دنیا کی توجہ مبذول کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں اور نیو یارک میں 24 ستمبربروز ہفتہ کو اس وقت جب بھارتی وزیر اعظم یا بھارتی وزیر خارجہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے لئے آئیں گئے تو کشمیری اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرے میں بھرپور انداز میں شرکت کر کے دنیا کے سامنے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ریشہ دوانیوں کو بے نقاب کر دیں۔

مزیدخبریں