اسلام آباد (نا مہ نگار)منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری کے979ویں عرس کے تیسرے روز منعقدہ سہ روزہ عالمی کانفرنس کی آخری نشست میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اولیائے کرام نے اپنے اخلاق، خدمت خلق، تعلیمات اور عمل سے خلق کے دلوں کو جیتا، اللہ کے ولی لوگوں کو جوڑنے والے ہوتے ہیں، ان کی ڈکشنری میں کسی کا دل توڑنے کا لفظ نہیں ہوتا۔ وہ فرقہ پرستی، گروہ بندی اور ٹولیوں میں تقسیم ہونے اور کرنے سے کوسوں دور رہتے ہیں۔ ان کی تعلیمات پوری انسانیت کے لیے عام ہوتی ہیں اور ان کا ابرِ رحمت ہر خاص و عام اور اپنے پرائے پر یکساں برستا ہے،حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری کی حیاتِ طیبہ اور تعلیمات سے بھی ہمیں طبیعت کی وسعت اور نفس کی سخاوت اور فراخی کا درس ملتا ہے۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا داتا دربار پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا، ملک کے طول و عرض سے آئے ہوئے زائرین نے چیئرمین سپریم کونسل کو خوش آمدید کہا، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کے قافلے پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، اس موقع پر ناظم اعلی خرم نواز گنڈا پور، نائب صدر راجہ زاہد محمود، علامہ میر آصف اکبر، علامہ رانا محمد ادریس، جی ایم ملک، جواد حامد، نوراللہ صدیقی و دیگر قائدین ان کے ہمراہ تھے، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے حضور داتا علی ہجویری کے مزار پر وفد کے ہمراہ حاضری دی اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے دعا کی،مرکزی مسجد داتا گنج بخش میں منعقدہ عالمی کانفرنس میں شریک علما کرام و مشائخ عظام دیوان احمد مسعود چشتی، علامہ علی عابد مشہدی، خواجہ فرید الدین فخری، خواجہ غلام معین الدین مہاروی، خواجہ نصر المحمود، سید محمد حبیب عرفانی، پیر شمیم صابر صابری، پیر خواجہ محمد معین الحق چشتی، پیر دیوان عظمت محمود، خواجہ محمد ضیا الحق سیالوی نے سٹیج پر مہمان خصوصی اور عالمی کانفرنس کے مرکزی مقرر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کو خوش آمدید کہا
اولیائے کرام نے تعلیمات،عمل سے خلق کے دلوں کو جیتا، ڈاکٹر حسن محی الدین
Sep 19, 2022