پوراملک سیلاب میں ڈوباہے،فوری انتخابات کا متحمل نہیں:سردار یعقوب 


لورالائی ( این این آئی) مسلم لیگ (ن )کے سنیئر مرکزی نائب صدر سابق وفاقی وزیر ریلوے سردار یعقوب خان ناصر نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف سمرقند ازبکستان میں کانفرنس میں موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں اسکے پاکستان پر اثرات اور حالیہ بارش اور سیلابی صورتحال پر دنیا کے سامنے اپنا دوٹوک موقف رکھنے اور افغانستا ن کو تنہا کرنے کے خطرناک نتائج سے عالمی دنیا کو خبردار کرنے اورمستقبل میں افغان قیادت کو اعتماد میں لینے پر زور دینے کے بڑے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ روس چین کے سربراہان مملکت نے انھیں سرکاری دورے کی دعوت دینے اورروسی صدر کے پاکستان کو گیس فراہمی کی پیشکش کا زبردست خیرمقدم کیا۔انہوں نے کہا کہ چین کے صدر کے جانب سے وزیراعظم کو متاثر کن رہنما  قرار دینا بھی پاکستان کیلئے ایک بڑے اعزاز سے کم نہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک جلد الیکشن کا متحمل نہیں ہوسکتا پورا ملک سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے الیکشن کیلئے سازگار ماحول کا ہونا بہت ضروری ہے ابھی ملک میں مردم شماری ہونی ہے اور اسکے بعد نئی حلقہ بندیاں ہونا باقی ہیں اسکے بعد ہی الیکشن اگلے سال ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے زخموں پر مرہم رکھ رہے رہے ہیں بلوچستا ن میں متاثرین کی مکمل بحالی تک وزیر اعظم کے عزم کو سلام پیش کرتا ہوں متاثرین کو مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے وفاقی وزارت صحت تین سو میڈیکل کیمپس لگارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کے اشتراک عمل سے تمام متاثرہ اضلاع میں ریلیف اور بحالی کا کام جاری ہے لیکن ا س میں مزید تیزی لائی جائے بلوچستان کا انفراسیٹکچر مکمل تباہ ہو چکا ہے، پلز سڑکیں سیلاب میں بہہ جانے سے مواصلات اور ریلوے ٹریک کو شدید نقصان پہنچا  جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے بلوچستان دیگر ملک سے کٹ کر رہ گیا ۔انہوں نے کہا کہ ایران ترکی عرب امارات سعودی عرب چین سمیت اقوام متحدہ اور یورپی ممالک نے متاثرین کی ہر سطح پر مدد اور ضروری اشیاء فراہم کئے اب ہمیں اس امداد کو میرٹ اور برابری کے بنیاد پر تقسیم کو یقینی بنانا ہے ۔

ای پیپر دی نیشن