حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی + نامہ نگار)حافظ آباد میں پاسپورٹ آفس میں کرپشن عروج پر پہنچ گئی۔ پاسپورٹ بنوانے کے لئے آنے والوںکو غیر متعلقہ اعتراضات لگا کر ذلیل وخوار کیا جانے لگا۔ جس سے آفس کے باہر بیٹھے ایجنٹوں کا کاروبارچمک اٹھا۔ تفصیلات کے مطابق حافظ آباد پاسپورٹ آفس میں پنڈی بھٹیاں، جلالپور، سکھیکی اور دیگر دوردراز کے علاقوں سے آنے والے سائلین کو عملہ طرح طرح کی اعتراضات اور غیر متعلقہ کاغذات پیش کرنے کی آڑ میں ذلیل وخوار کرنے کے بعد آفس کے باہر بیٹھے ایجنٹوںکے ہاں بھیج رہا ہے جو دفتر کے ملازمین کی مبینہ ملی بھگت سے فی پاسپورٹ ایک ہزار سے دو ہزار تک زائد فیس وصول کرکے تجوریاں بھررہے ہیں۔اس بڑھتی کرپشن کی وجہ سے عوام کو سخت مشکلات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہاہے ۔ عوامی سماجی حلقوں نے وفاقی وزیر داخلہ اور حکومت کے دیگر ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ پاسپورٹ آفس میں بڑھتی کرپشن کا فوری نوٹس لیکر کرپٹ ملازمین و افسران کو فوری تبدیل کیا جائے اور انکے خلاف سخت ترین کاروائی بھی عمل میں لائی جائے۔