خاتون جج کو دھمکیاں دینے کاعمران خان پر مقدمہ کسی مذاق سے کم نہیں: افضال حیدر 

شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)انصاف ویلفیئر ونگ کے سابق سٹی صدر میاں افضال حیدر نے کہا ہے کہ خاتون جج اور آئی جی پولیس کو دھمکیاں دینے کاعمران خان پر درج کیا گیا مقدمہ کسی مذاق سے کم نہیں مگر اس کے باوجود عمران خان جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے اور اپنا موقف دیا جو انکی آئین و قانون پسندی کا کھلا ثبوت ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کے الفاظ کو اپنی مرضی کے معنی دینے والے یاد رکھیں عمران خان سے بڑھ کر آئین و قانون پسند کوئی نہیں ، اپنے ایک بیان میں میاں افضال حیدر نے کہا کہ جس دن عمران خان نے عوام کو احتجاج کی کال دی تو پورا ملک سڑکوں پر ہوگا اور حکمرانوں کو چھپنے کیلئے جگہ نہیں ملے گی ، معاشی حالات بدسے بدتر ہورہے ہیں اور عوام کا صبر بھی جواب دے رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ عمرا ن خان کو عوام سے دور کرنے اور پی ٹی آئی کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے جسے عوام کامیاب نہیں ہونے دیں گے، انہوں نے کہا کہ اس وقت سیلاب پر سیاست کی جا رہی ہے جو لوگ سیلاب زدگان کا درد رکھتے ہیں وہ ان کیلئے فنڈنگ کررہے ہیں اور موجودہ وفاقی حکومت فوٹو سیشن تک محدود ہے عمران خان کی ٹیلی تھون کے تحت اربوں روپے جمع ہوئے جو سیلاب زدگان کی امداد و بحالی پر صرف کئے گئے پی ٹی آئی کی عملی کاوشیں جاری ہیں اور سیلاب زدگان کی مکمل بحالی تک ہم اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ 

ای پیپر دی نیشن