گلگت بلتستان کے خوبصورت شہر اسکردو میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پتھر گرنے سے گاڑیوں کو نقصان پہنچا جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق زلزلے کے جھٹکے اسکردو کے پہاڑی علاقے میں واقع سب ڈویژن روندو میں محسوس کیے گئے جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.3 ریکارڈ کی گئی۔زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کی گہرائی 40 کلومیٹر زیرِ زمین تھی۔ دوسری جانب پہاڑ سے پتھر گرنے کے باعث اسکردو گلگت روڈ بلاک ہو گئی جبکہ پتھر لگنے سے متعدد مسافر زخمی ہوئے۔
زلزلے کے دوران پتھر گرنے سے ہونے والے حادثات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ زلزلے کے بعد پہاڑ سے گرنے والے بڑے سائز کے پتھر گاڑیوں پر گر کر انہیں نقصان پہنچا چکے ہیں۔بعض سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ اسکردو کے علاقے روندو کے علاوہ استور میں بھی زلزلہ آیا جس سے سڑکیں اور رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا۔ مختلف حادثات کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوئے۔
دوسری جانب کچھ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کے علاقے اسکردو کی یونین گنجی میں آئے زلزلے سے قبل ہی حکومت نے اسے آفت زدہ قرار دے دیا تھا لیکن ابھی تک عوام کی امداد نہیں کی گئی۔