اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کی عدالت نے سائفر کیس میں گرفتار چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔گذشتہ روز سماعت کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر پیش ہوئے اور چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا ءکی جلد سماعت کی بار بار استدعا کی گئی جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ طریقہ کار موجود ہے اسی کے مطابق آئندہ پیر تک درخواست ضمانت مقرر ہو جائے گی،عدالت نے درخواست پر فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک جواب طلب کرلیا۔یاد رہے کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی،چیئرمین پی ٹی آئی 26 ستمبر تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔ دوسری طرف اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی اور انکی اہلیہ بشری بی بی کی القادر ٹرسٹ رجسٹریشن سے متعلق درخواست میں دستاویزات مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔گذشتہ روز سماعت کے دوران درخواست گزار کی جانب سے ایڈوکیٹ طالب حسین جبکہ وفاق کی جانب سے سٹیٹ کونسل حضرت یونس عدالت پیش ہوئے، سٹیٹ کونسل نے کہاکہ نئے قوانین کے تحت رجسٹریشن میں کچھ دستاویزات نامکمل ہیں،درخواست گزار وکیل نے کہاکہ اگر ہمیں پتہ چلے کہ کون کون سی چیزیں، یا دستاویزات نامکمل ہے تو ہم مکمل کرلیں گے،عدالت نے سٹیٹ کونسل کو ہدایت کی کہ جو جو چیزیں نامکمل ہیں وہ سب انکو بتادیں،عدالت نے مذکورہ بالا اقدامات کے ساتھ کیس کی سماعت ملتوی کردی۔