لاہور (خبر نگار) محکمہ جیل خانہ جات پنجاب میں وارڈر اور لیڈی وارڈر (بی ایس۔07) کی انتہائی شفاف اور میرٹ پر بھرتی پنجاب کی آٹھ ریجن میں سے چار ریجن میں نتائج کا اعلان ، نوے فیصد سے زائد سیٹیں میٹرک میں آٹھ سو سے زائد نمبر (اے اور اے پلس گریڈ) والے امیدوار لے ا±ڑے۔ 2330 اسامیوں پر حکومت پنجاب کی جانب سے تشکیل شدہ بورڈ کی زیر نگرانی بھرتی کیلئے ڈی آئی جیل خانہ جات ، ڈپٹی سیکرٹری ہوم ، اور متعلقہ ریجن کی سنٹرل جیل کے سپرنٹنڈنٹ پر مشتمل سلیکشن کمیٹی کی زیر نگرانی انٹرویوز کا عمل پندرہ ستمبر کو مکمل کیا جا چکا ہے۔ فیصل آباد، ساہیوال، راولپنڈی اور ڈیرہ غازی خاں ریجن میں وارڈر اور لیڈی وارڈر کی بھرتی کیلئے سلیکشن بورڈ کی جانب سے اہل امیدواروں کی فہرستیں جاری کی جا چکی ہیں جبکہ لاہور، سرگودھا، ملتان اور بہاولپور ریجن کی بھرتی کیلئے اہل امیدواروں کی فہرستیں تیاری کے آخری مراحل میں ہیں اور اگلے چند یوم کے اندر جاری کر دی جائیں گی۔ آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر نے کہا محکمہ جیل خانہ جات پنجاب میں وارڈر اور لیڈی وارڈر کی بھرتی کے تمام مراحل کو حکومت پنجاب کی جانب سے تشکیل شدہ بورڈ کی زیر نگرانی میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر مکمل کیا گیا ہے۔ بھرتی کیلئے اہل امیدواروں کی جاری فہرستوں کے متعلق آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر کے واٹس ایپ نمبر (0923988-0326) پر اور کمپلینٹ نمبر پر کچھ امیدواروں کی جانب سے تحریری امتحان کے نمبروں میں کمی بیشی کے حوالے سے شکایات درج کرائی گئی ہیں۔ ان شکایات کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور انکی مکمل تحقیق اور جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔ جانچ پڑتال کے بعد تمام جائز شکایات کا ازالہ کیا جائے گا۔