اسلام آ باد (آئی این پی ) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ اگلے الیکشن کے بعد نئے بلاول بھٹو نظر آئیں گے، آئندہ عام انتخابات میں سیاسی جماعتوں کا آپس میں مقابلہ ہوگا۔ پیر کو نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پی ٹی آئی سے رابطوں کے حوالے سے وضاحت کی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا تحریک انصاف سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ 9 مئی کے ملزمان کے علاوہ سب سے بات ہوسکتی ہے۔ قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ انتخابات میں ہر سیاسی جماعت کا دوسری سے مقابلہ ہوگا۔ گزشتہ 5 سال میں تقریبا ہر جماعت نے حکومت کی ہے، عوام کے سامنے تمام جماعتوں نے اپنے کارکردگی رکھنی ہے۔ پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ الزامات لگانے کے بجائے اپنی کارکردگی پر الیکشن مہم چلانی چاہیے۔ سی ای سی اجلاس میں بہت سے ایشوز اور معاملات پر بات ہوتی ہے،سی ای سی میں تمام اراکین اپنی رائے دیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مشکل وقت میں خارجہ امور کی ذمہ داری نبھائی۔ انہوں نے دنیا بھر میں پاکستان کا مقدمہ لڑا ہے۔