امریکہ، ایران نے قیدی چھوڑ دیئے، منجمد اثاثوں سے 6 ارب ڈالر تہران کو منتقل

Sep 19, 2023

تہران+ واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) ایران نے اپنی حراست میں موجود 5 امریکی شہریوں کو رہا کر دیا ہے۔ ایران کی جانب سے امریکی قیدیوں کی رہائی قطر کی ثالثی کے بعد ہوئی۔ قطر کی کوششوں سے ایران اور امریکا کے درمیان ایک معاہدہ ہوا تھا جس کے تحت ایران نے امریکی قیدیوں کو رہا کیا۔ معاہدے کے مطابق امریکا نے ایران کے 6 ارب ڈالرز کے منجمد اثاثوں کو بھی قطر کے ایک بینک میں منتقل کیا ہے جبکہ 5 ایرانی شہریوں کو رہا کیا گیا ہے جو قطر کے شہر دوحہ پہنچ گئے ہیں۔ ایران کی جانب سے امریکی شہریوں کو طیارے میں بیٹھنے کی اجازت اسی وقت ملی جب منجمد اثاثوں کی منتقلی مکمل ہوئی، جن کو پہلے مرحلے میں قطر لے جایا گیا ہے، جہاں سے انہیں واشنگٹن منتقل کیا جائے گا۔ 5 میں سے 3 افراد کی شناخت سامنے آئی ہے جن میں سے ایک برطانوی نژاد امریکی شہری Morad Tahbaz ہے۔ امریکہ کے صدر جوبائیڈن نے ایرانی قید سے امریکی شہریوں کی رہائی کا خیر مقدم کیا ہے۔ صدر جوبائیڈن نے کہا کہ ایران میں قید 5 امریکی شہری اب وطن واپس آ رہے ہیں، رہائی میں مدد کیلئے قطر، عمان، سوئٹزرلینڈ، جنوبی کوریا کا ممنون ہوں۔ امیر قطر شیخ تمیم بن حمد اور عمان کے سلطان ہیثم بن طارق کا خصوصی شکر گزار ہوں۔ قطر، عمان نے مشکل اور اصولی امریکی سفارتکاری کے دوران معاہدے میں مدد کی۔ ادھر ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے امریکہ ایران قیدیوں کے تبادلے اور منجمد اثاثوں کی منتقلی کے معاہدے پر میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ پانچ امریکی شہریوں کی رہائی انسانی ہمدردی کا اقدام تھا۔ امریکہ اور ایران کے درمیان مستقبل میں انسانی ہمدردی کے دیگر اقدامات بھی کئے جائیں گے۔

مزیدخبریں