لاہورسمیت پنجاب کےمختلف شہروں میں بارش

 لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کے بعد گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا، بارش کے باعث نشیبی علاقے بھی زیرآب آگئے۔تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقے لکشمی چوک، ایبٹ روڈ، گلبرگ، جیل روڈ، گارڈن ٹاؤن اور کاہنہ میں تیز بارش سے جل تھل ایک ہو گیا، چونگی امرسدھو، قینچی، تاجپورہ، والٹن، فیروز پور روڈ، ریلوے سٹیشن، شاہدرہ، اچھرہ میں بھی جم کر بادل برسے۔مغل پورہ، مصطفیٰ آباد، نیلا گنبد، کوئنز روڈ، سمن آباد، راج گڑھ، شاد باغ، جلو پارک، محمود بوٹی، گڑھی شاہو، قلعہ گجر سنگھ سمیت دیگر مقامات پر بھی بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔رات گئے سے شروع ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث شہر کے نشیبی علاقے زیر آب گئے، بیشتر علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا جس کے باعث علاقہ مکینوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہونے سے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہوگئے جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔علاوہ ازیں کاہنہ، اوکاڑہ، دیپالپور، ننکانہ صاحب، بہاولنگر، گوجرانوالہ، قصور، شیخوپورہ، پتوکی، ساہیوال، کامونکی، میانوالی، منڈی بہاؤالدین، نارووال اور پسرور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی بارش ہوئی۔دوسری جانب پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ مشرقی ہواؤں سے بلوچستان میں بارشوں کا نیا سسٹم داخل ہوگیا، صوبے کے مشرقی، شمالی اور وسطی اضلاع میں آج بارش ہوگی، ژوب، بارکھان، سبی، خضدار، قلات، لسبیلہ اور آواران میں بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ 20 ستمبر تک جاری رہے گا، شدید بارشوں سے کچے مکانات، بجلی کے کھمبوں، سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن