ملتان سمیت ملک بھر میں محافل میلاد اور جلوسوں کا انعقاد

Sep 19, 2024

ملک بھر کی طرح ملتان سمیت جنو بی پنجاب بھر میں جشن عید میلاد النبی نہایت مذہبی عقیدت و احترام و جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی اس سلسلے میں سرکاری وغیر سرکاری عمارات، مساجد، خانقاہوں، گھروں سمیت گلی محلوں اور سڑکوں پر عوامی، سماجی اور تجارتی حلقوں کی جانب سے چراغاں کیا گیا اور ریلیاں نکالی گئیں اورمحافل سما ع کی تقاریب منعقد ہوئیں جس میں ملک وقوم کی سلامتی کیلئے خصوصی طور پر دعائیں مانگی گئیںگلی گلی حضورکی مدح سرائی کاسلسلہ جاری ہے، نماز فجر کے بعد چھوٹے بڑے شہروں میں عشق رسول ؐکے اظہار کے لیے جلوس نکالے گئے۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی سرکاری و نجی عمارتوں ، مسجدوں کو برقی قمقموں سے سجایاگیا ملتان سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں محافل میلاد کا سلسلہ جاری ہے۔عاشقان رسول اپنے محبوب کو ہدیہ عقیدت پیش کر تے رہے 12 ربیع الاول کونماز فجر کے بعد ملک بھر میں ریلیاں اور جلوس نکالے گے۔آقادوجہاں،رحمت للعالمین کی آمد کی خوشی میں ذکر مصطفی کی محافل منعقد ہوئیں جس میں لنگرتقسیم کرنے کا بھی اہتمام کیا گیا۔اس سال ملک بھرمیں بھی جشن عید میلادالنبی ؐاس عہد کی تجدیدکے ساتھ منائی گی تحفظ ناموس رسالت و ختم نبوت کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ حکومت کی طرف سے جشن عید میلاد النبی کی مناسبت سے عام تعطیل کا اعلان کیا گیا پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے 12 ربیع الاول کی مناسبت سے فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے گئے۔حکومت نے ملک بھر میں 12 ربیع الاول سے17 ربیع الاول تک ولادت حضرت محمد مصطفی رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسبت ہفتہ عشق رسول منانے کا فیصلہ کیاہے۔حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈویژن میں 12 ربیع الاول بھرپور طریقے سے منانے کیلئے انتظامات کیلئے  اعلی سطح پر نگرانی کی جاتی رہی۔ اس سلسلے میں کمشنر ملتان ڈویژن مریم خان، آر پی او ملتان ریجن کیپٹن ر سہیل چوہدری کی زیر صدارت ڈویژنل امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔کمشنر ملتان ڈویژن مریم خان نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہر مسلمان کی بے حد جذباتی وابستگی ہے۔نبی ے محبت،ختم نبوت ہمارے ایمان کا لازمی حصہ ہے۔ میلاد کے روزجلوسوں کے مقامات پر خصوصی  صفائی کے انتظامات  رہے ۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے بھی 12ربیع الاول کو ملتان کا دورہ کیا اور جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے جلوسوں کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
صوبائی وزیر تعلیم نے گھنٹہ گھر جلوس روٹ کا دورہ کیا اور سبیل کا معائنہ بھی کیاانہوں نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی جانب سے شر کا کے جلوس میں مٹھائی اور تحائف بھی تقسیم کئے اور کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے جشن میلاد النبی پر مثالی انتظامات کرائے۔صوبائی وزیر رانا سکندر حیات نے شہریوں کو یوم ولادت کی مبارکباد دی۔کمشنر مریم خان نے کہا کہ حضور اکرم پوری انسانیت کیلئے رحمت بن کر آئے۔آپ کی آمد سے جہالت کے اندھیرے دور اور امن و انصاف کا بول بالا ہوا۔ نوجوان نسل حضور کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر اپنی اصلاح کرے۔صوبائی وزیر رانا سکندر حیات نے سی پی او آفس کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا۔ قبل ازایں رانا سکندر حیات نے کمشنر آفس میں ربیع الاول انتظامات بارے متعلقہ محکموں سے بریفننگ لی۔مرکزی جماعت اہل سنت پاکستان ملتان کے زیراہتمام ملتان کا مرکزی اور سب سے بڑا 53 واں سالانہ جلوس 12ربیع الاول کو صبح 8 بجے خانقاہ حامدیہ قلعہ کہنہ قاسم باغ سے نکالا گیا جسکی قیادت جانشین پیرطریقت حضرت قاری ناصر میاں خان نقشبندی اور مشائخ وعلماء￿ اہل سنت اور عہدیداران مرکزی جماعت اہل سنت ملتان نے کی۔ میزبان صدر حاجی سلیم حامدی اور ناظم اعلیٰ زاہد بلال قریشی تھے جلوس میں لاکھوں آفراد باوضو ہو کر صلاۃوسلام پڑہتے ہوئے شریک تھے جلوس میں صاحبزادہ معصوم میاں حامد اور صاحبزادہ نعمان میاں حامد اور شہر کے ممتاز صحافی اور معززین شہر خصوصی طور پر شریک ہوئے،12ربیع الاول کے موقع پر انجمن اسلامیہ کے زیر اہتمام پیر نور حضوری کے مرکزی جلوس کی قیادت پی ٹی آئی رہنما مخدوم راجن بخش گیلانی ،سجادہ نشین مخدوم ولایت مصطفی گیلانی ،سید زین العابدین گیلانی ایڈووکیٹ نے کی ، جبکہ عثمان گیلانی ،اکرم اعوان ،راشد اعوان ، آصف اعوان سمیت اہم شخصیات شریک ہوئی ، شرکاء جلوس سے خطاب کرتے ہوئے مخدوم راجن بخش گیلانی ، مخدوم ولایت مصطفی گیلانی نے کہا کہ حضور کا میلاد جوش وخروش سے مناتے رہیں گے آپ کی آمد سے ظلم کے اندھیرے اجالوں میں بدل گئے جہالت اور بت پرستی کا دور ختم ہوا آپ عالم اسلام اور پوری دنیا کے لئے رحمت بنا کر بھیجے گئے آپ کا میلاد رہتی دنیا تک مناتے رہیں گے۔ اس موقع پر جلوس کے شرکاء￿ کی حرم گیٹ چوک پر دستار بندی کی گئی اور شرکاء میں لنگر بھی تقسیم کیا گیا جبکہ جلوس قائدین کی قیادت میں مختلف رستوں سے ہوتا ہوا انجمن اسلامیہ کے مرکزی جلوس میں شریک ہوا سجادہ نشین دربار موسیٰ پاک سید ابوالحسن گیلانی ناظم اعلیٰ جماعت اہل سنت علامہ حافظ فاروق خان سعیدی سجادہ نشین دربار غوث پاک نورانی مخدوم سید غوث عالمین گیلانی، مخدوم سید غوث انور گیلانی نے کہا کہ سیرت نبی پر عمل کر کے ہم دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں نبی کریم وہ ذات ہیں جن پر اللّٰہ تعالیٰ نے قرآن پاک نازل کیا ان کی آمد سے ظلم کے اندھیرے اجالوں میں بدل گئے جہالت اور بت پرستی ختم ہو گئی آپ دونوں جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجے گئے ربیع الاول کا مہینہ بہت برکت والا ہے نبی کریم کے حیاتِ طیبہ مشعل راہ ہے ہمیں اللہ اور رسول کے بتائے ہوئے راستے پر چلنا ہوگا تب ہی ہم تمام پریشانیوں سے نجات حاصل کر سکتے ہیں ۔

مزیدخبریں