امریکی نائب وزیر خارجہ کی آرمی چیف سے ملاقات

Sep 19, 2024

اداریہ

قائم مقام امریکی نائب وزیر خارجہ برائے سیاسی امور جان باس نے پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر سے بھی ملاقات کی۔ انھوں نے دہشت گردی اور پرتشدد انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے اور علاقائی استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینے کی اہمیت سمیت اقتصادی اور سکیورٹی امور پر دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔انڈر سیکرٹری نے امریکا میں افغانوں کی آبادکاری کے سلسلے میں مدد کے لیے پاکستان کے مسلسل تعاون پر اظہار تشکر کیا۔ دہشت گردی کے خاتمے اور علاقائی استحکام کے فروغ کی مشترکہ حکمت عملی پر بھی بات ہوئی۔ خطے میں دہشت گردی کا ناسور ختم کرکے ہی علاقائی اور عالمی امن یقینی بنایا جاسکتاہے اور اس سلسلے میں امریکا بہتر معاون ہو سکتا ہے لیکن مسئلہ یہ ہے کہ اس بات کی یقین دہانی کون کرائے گا کہ امریکا واقعی اس حوالے سے اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔ افغانستان سے امریکی اور نیٹو افواج کے انخلا کے بعد جو صورتحال پیدا ہوئی ہے امریکا اس سے اچھی طرح واقف ہے اور وہ اس سلسلے میں پاکستان کے ساتھ رابطے میں بھی ہے لیکن ابھی تک اس کی طرف سے ایسا کوئی اقدام نہیں کیا گیا جس کے ذریعے افغانستان میں اس کے تعاون سے قائم ہونے والی طالبان کی عبوری حکومت کو یہ پیغام دیا جائے کہ ان کی تخریب کاری کی حمایت کرنے والی کارروائیاں کسی بھی صورت میں قبول نہیں کی جائیں گی۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ امریکا اگر چاہے تو وہ واقعی خطے میں طاقت کا توازن اور امن قائم کرا سکتا ہے کیونکہ اس سلسلے میں جو دو ممالک، یعنی بھارت اور افغانستان، سب سے زیادہ مسائل پیدا کررہے ہیں وہ دونوں بہت سے معاملات میں امریکا کے زیر اثر ہیں۔

مزیدخبریں