190 ملین پاؤنڈ کیس: اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کو بانی پی ٹی آئی، اہلیہ کیخلاف حتمی فیصلے سے روک دیا

Sep 19, 2024

اسلام آباد ( وقائع نگار +نوائے وقت رپورٹ + این این آئی) اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کا حتمی فیصلے سنانے سے ٹرائل کورٹ کو روک دیا ہے۔ چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس گل حسن اورنگزیب پر مشتمل دو رکنی بنچ نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستوں پر سماعت کی۔ عمران خان اور بشریٰ بی بی نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے استدعا کی کہ عدالت عالیہ میں کیس زیرالتوا ہے، اس لیے احتساب عدالت کو حکم دیا جائے وہ ٹرائل آگے نہ بڑھائے، ہائیکورٹ نے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مزید سماعت 26 ستمبر تک ملتوی کردی۔ عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت کی درخواست پر ٹرائل کورٹ کو جلد فیصلہ کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے توشہ خانہ ٹو کیس میں سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت پر ٹرائل کورٹ کو جلد فیصلہ کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔بشریٰ بی بی کے وکیل سلمان صفدر، تفتیشی افسر اور ایف آئی اے حکام عدالت میں پیش ہوئے۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے  ریمارکس دیئے کہ نیشنل جوڈیشل پالیسی کی ہدایات کے مطابق آرڈر کردیں گے۔ آپ کی درخواست پر کچھ دیر بعد آرڈر کردیں گے۔یاد رہے کہ 6 ستمبر کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی نیا توشہ خانہ کیس میں درخواست ضمانت پر سماعت ملتوی کردی تھی۔

مزیدخبریں