اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر زرداری سے ایشیائی ترقیاتی بنک کے صدر مساتسوگو اساکاوا نے ملاقات کی ۔صدر نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی مالی ضروریات کافی زیادہ ہیں۔ صدر نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے تعاون بڑھانے پر زور دیا۔2022 کے سیلاب کے بعد پاکستان کی مدد پر ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر کا شکریہ بھی ادا کیا۔ صدر ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے شدید اثرات کا سامنا ہے ایشیائی ترقیاتی بینک اگلے تین سالوں میں پاکستان کو 2 بلین ڈالر کی سالانہ امداد فراہم کرے گا۔ علاوہ ازیں صدر نے بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کو دو ٹوک طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انتخابات کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کا نعم البدل نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے انتخابات کشمیری عوام کے لیے ناقابل قبول ہیں اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مودی حکومت کو جوابدہ ٹھہرائے۔صدر مملکت نے زور دیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت کے لیے رائے شماری کے لیے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ صدر 1989 سے پاکستان میں مقیم مہاجرین کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔