عید میلاد النبیؐ مذہبی جوش و جذبے، عقیدت کے ساتھ منائی گئی

Sep 19, 2024

عید میلاد النبیؐ مذہبی جوش و جذبے، عقیدت کے ساتھ منائی گئی
عید میلاد النبیؐ مذہبی جوش و جذبے، عقیدت کے ساتھ منائی گئی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) ملک بھر میں منگل کے روز عید میلاد النبیؐ مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت کے ساتھ منائی گئی۔ نماز فجر کے بعد مساجد میں امت مسلمہ کے اتحاد، اتفاق او پاکستان کی ترقی، و سلامتی، بالخصوص کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمان بھائیوں کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ فضائیں درود و سلام سے معطر رہیں۔ مساجد میں محافل ذکر اور نعت خوانی کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔ اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ مساجد، مدارس، گلیاں بازار اور گھر روشنیوں اور سجاوٹی سامان سے انتہائی خوبصورتی سے سجائے گئے تھے۔ سرکاری و غیر سرکاری عمارتوں پر بھی زبردست چراغاں کیا گیا تھا، جس سے ہر عمارت دیدنی تھی۔ سرور دو عالم، نور مجسم، محمد مصطفیؐ کی ولادت باسعادت پر تقریبات کا اہتمام کیا گیا جن میں سیرت مبارکہ پر روشنی ڈالی گئی۔ لاہور میں عید میلاد النبی کا سب سے بڑا جلوس ریلوے سٹیشن سے صبح برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں، لنڈا بازار، دہلی گیٹ، رنگ محل، پانی والا تالاب اور ٹیکسالی سے ہوتا ہوا رات گئے مزار حضرت داتا گنج بخشؒ پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔

مزیدخبریں