لاہور (نوائے وقت رپورٹ) (ق) لیگ کے قائد چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ حکومت و سیاست دان ملک کے استحکام و سلامتی کے لئے اپنے مفادات کے بجائے ملکی مفاد کو ترجیح دیں۔ اگر ملک کو کوئی نقصان ہوا تو پھر سب لکیر ہی پیٹیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ق) سندھ کے صدر محمد طارق حسن کے ہمراہ (ق) لیگ کے سیکرٹری اطلاعات محمد صادق شیخ کراچی ڈویژن کے صدر محمد جمیل احمد خان، سپورٹسں ونگ سندھ کے صدر سید مشرف علی، سینئر نائب صدر کراچی ندیم صابر اور دیگر سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ اس وقت حکومت و اپوزیشن اور پوری قوم کو یکجہتی کی شدید ضرورت ہے اسکے لئے تمام اداروں بشمول حکومت اور اپوزیشن کو ایک ہی پیج پر آنا ہوگا تب ملک ترقی بھی کریگا اور ملک سے مہنگائی کم ہوگی۔ معیشت اور خارجہ پالیسی مضبوط ہوگی جسں سے پاکستان کا وقار نہ صرف مسلم ممالک بلکہ پوری دنیا میں بلند ہوگا ۔ ہمیں آئی ایم ایف کی لون لینے کے لئے منتیں نہیں کرنا ہونگی کیونکہ اللہ تعالی نے پاکستان کو ہر طرح کی معدنیات اور زرخیز زمین دی ہے۔ پاکستان بہت جلد ترقی یافتہ ممالک میں شمار ہوجائے گا۔
حکومت و سیاستدان ملکی مفاد کو ترجیح دیں: شجاعت
Sep 19, 2024