برطانوی شاہ چارلس کا فون، دولت مشترکہ اجلاس میں شرکت کی دعوت، وزیراعظم کا مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ

Sep 19, 2024

برطانوی شاہ چارلس کا فون، دولت مشترکہ اجلاس میں شرکت کی دعوت، وزیراعظم کا مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ
برطانوی شاہ چارلس کا فون، دولت مشترکہ اجلاس میں شرکت کی دعوت، وزیراعظم کا مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ آئی این پی ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نبی کریمؐ کی تعلیمات کو مشعل راہ بنانا ہی ملک کے تمام مسائل کے حل کی کنجی ہے، آپؐ کی سیرت طیبہ پر عمل پیرا ہو کر دنیا میں امن، محبت اور بھائی چارے کو فروغ دیا جا سکتا ہے، اسلامی تعلیمات کی بنیاد پر معاشرتی انصاف اور فلاحی ریاست کا قیام ہی ترقی کا ضامن ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ محفل میلاد سے خطاب کر رہے تھے۔ محفل میلاد میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان ، سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق، صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین سمیت پارٹی کے رہنمائوں اور کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شہبازشریف نے کہا کہ آج کا دن مسلمانوں کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے کیونکہ یہ حضور نبی اکرمﷺ کی ولادت باسعادت کا دن ہے۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر قوم کو مبارکباد دی اور حضورؐ کی تعلیمات کو اپنی زندگیوں میں اپنانے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں گالی گلوچ، عدم برداشت، بدکلامی اور انتہا پسندی کو جڑ سے اکھاڑنے میں سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، تفرقہ بازی سے بچنا ہی دنیا اور آخرت کی کامیابی ہے۔ تقسیم، دشمن کا ایجنڈا ہے جسے ہمیں مل کر ناکام بنانا ہوگا۔ عاشق رسولؐ ہونے کا سب سے بڑا ثبوت یہ ہے کہ ہمارے ہاتھ اور زبان سے کسی کو تکلیف نہ پہنچے۔ اسلام کی بہترین تبلیغ یہ ہے کہ ہم اسوہ حسنہ کے مطابق اپنی زندگیاں بسر کریں کیونکہ آقا کریم ؐ کے غلام کا طرز عمل ان کے احکامات کے منافی کبھی نہیں ہوسکتا۔ آج معاشرے میں تقسیم، گالی گلوچ اور انتہا پسندانہ رویے لمحہ فکریہ ہیں، آج کے مبارک دن ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ نبی کریم کی تعلیمات کی روشنی میں منفی رویوں کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ ہمیں اسلامی تاریخ کے اس روشن پہلو کو یاد رکھتے ہوئے پاکستان کو ایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھنی چاہئیں جہاں ہر شخص کو انصاف اور مساوی حقوق مل سکیں۔ قبل ازیں تقریب کے شرکاء سے مفتی نعیم بٹ نے سیرت نبوی پر خطاب کرتے ہوئے نبی کریمﷺ کی مبارک زندگی کے کئی پہلوئوں پر روشنی ڈالی۔ علاوہ ازیں وزیرِ اعظم محمدشہبازشریف نے پاکستان کی جانب سے دولت مشترکہ اور اس کے چارٹر پر عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سموئہ میں دولت مشترکہ کے حکومتی سربراہان کے اجلاس سے دولت مشترکہ کے رکن ممالک کے مابین مختلف امور بالخصوص پائیدار ترقی، جمہوری اداروں کی مضبوطی اور دولت مشترکہ کے نوجوانوں کی ترقی کیلئے تعاون کو فروغ ملے گا۔ وزیراعظم نے یہ بات برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران کہی۔ محمد شہباز شریف سے برطانیہ کے شاہ چارلس سوم نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ شاہ چارلس سوم نے وزیرِ اعظم کو اکتوبر میں سموئہ میں منعقد ہونے والے دولت مشترکہ کے حکومتی سربراہان کے اجلاس میں شرکت کی باقاعدہ دعوت دی۔ دعوت کو قبول کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ شاہ چارلس کی بادشاہت سنبھالنے کے بعد یہ پہلا دولت مشترکہ کا اجلاس ہوگا جس کی وہ بذات خود صدارت کریں گے۔ وزیراعظم نے بادشاہ چارلس سوم کی صحت بارے دریافت کیا۔ پرنسس آف ویلز کا علاج مکمل ہونے پر ان کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ شاہ چارلس سوم کے گزشتہ دورہ پاکستان کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ بادشاہ اور ملکہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔ دریں اثناء وزیراعظم شہبازشریف ستائیس ستمبر کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کریں گے۔ وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے 21 ستمبر کو روانہ ہوں گے اور یو این جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، پاکستانی وقت کے مطابق شام سوا چھ بجے وزیراعظم کا خطاب نشر ہوگا۔  علاوہ ازیں اے پی پی کے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے برطانیہ کی قیادت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تجارت اور سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی، سماجی روابط کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور کثیر الجہتی امور پر ہم آہنگی اور تعاون  کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیاہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ  وزیراعظم ہائوس میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے برطانیہ کی قیادت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ اور تاریخی تعلقات ہیں۔ جنہیں مختلف شعبوں میں تعاون کے ذریعے مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔وزیراعظم نے حکومت کی ترجیحات بالخصوص ملک کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ وزیر اعظم نے تجارت اور سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی، سماجی روابط کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور کثیر الجہتی امور پر ہم آہنگی اور تعاون  کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم لاکھوں پاکستانی دونوں ممالک کے تعلقات کے پل کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کا دونوں ممالک کے بہتر تعلقات میں ایک کلیدی کردار ہے۔وزیراعظم نے کنگ چارلس کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے برطانوی  حکومت کی جانب سے پاکستان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

مزیدخبریں