لاہور(نیوز رپورٹر)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہائوس لاہور میں ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر نے ملاقات کی۔ ڈی جی نیب لاہور امجد مجید اولکھ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی چیئرمین نیب نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدرکو احتساب سہولت سیل (اے ایف سی) پر تفصیلی بریفنگ دی۔گورنر پنجاب نے ڈپٹی چیئرمین نیب کی زیر نگرانی ادارے میں کی گئی اصلاحات کو سراہا۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ملک میں ترقی کے لیے کرپشن کا خاتمہ اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانا ہے۔ جس ملک میں سسٹم اور فریم ورک اپنی جگہ پر ہو وہاں کرپشن سمیت دیگر جرائم کی شرح کم ہوتی ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمیں احتسابی عمل کو شفاف بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ اْنہوں نے مزید کہا کہ سب کو مل کر ملک کی بہتری کے لیے کام کرنا ہے۔ ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کسی کے ساتھ زیادتی ہو گی ، نہ ہی کسی کی عزت نفس مجروح کی جائے گی۔چیمبرز آف کامرس میں بھی احتساب سہولت سیل کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔اْنہوں نے کہا کہ اے ایف سی سپیکر صوبائی اسمبلی کی زیر نگرانی گریڈ 20 کے آفیسر کے ماتحت کام کرے گا۔گورنر پنجاب نے چیئرمین نیب کے مثبت اقدامات کو سراہا اور گورنر آفس کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔دیں اثنا، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے لاہور ریلوے سٹیشن کے قریب عید میلاد النبیؐ کے مرکزی جلوس میں شرکت کی۔عید میلاد النبیؐ کے جلوس میں دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوری کے رکن الحاج یعفور رضا عطاری اور عوام کی بڑی تعدادموجود تھی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ آج وہ مبارک دن ہے جب وجہ تخلیق کائنات محسن انسانیت حضرت محمدؐ اس دنیا میں تشریف لائے۔ علاوہ ازیں،گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے بحیثیت چانسلر جامعات کے انتظامی اور تدریسی معاملات میں بہتری لانے کے لیے سرچ کمیٹی کی جانب سے وائس چانسلرز کے لئے شارٹ لسٹ کیے گئے امیدواروں کے انٹرویوز کئے۔سردار سلیم حیدر خان نے متعلقہ یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کے لئے پنجاب یونیورسٹی ، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی، بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ، فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ٹیکسلا اور فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی سمیت 13سرکاری جامعات کے لیے سرچ کمیٹی کی طرف سے فائنل کیے گئے امیدواروں کے انٹرویوز کئے۔