لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی طرف سے پٹرول کی قیمتوں میں کمی کے بعد پنجاب بھر میں ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 30 سے 70 روپے تک کمی کروائی گئی ہے۔ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں زائد وصول کئے گئے کرائے مسافروں کو واپس دلائے جاتے ہیں۔ جب بھی پٹرول کی قیمت میں کمی ہوتی ہے مریم نواز اور انکی ٹیم کرایوں میں کمی کروانے کے لیے متحرک ہوجاتی ہے۔ علاوہ ازیں وفاقی حکومت کے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کے فوری بعدپنجاب حکومت نے شہریوں کو ریلیف پہنچانا شروع کردیا- شہریوں سے زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز پر کریک ڈاؤن شروع ہوگیا -وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر پنجاب میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کرانے کا حکم دیا ہے۔وفاقی حکومت کی جانب سے ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کے اعلان پر پنجاب میں انتظامیہ حرکت میں آگئی -37 شہروں کے لئے نجی ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کا نیا شیڈول بھی جاری کردیاگیا- وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے صوبہ بھر کی انتظامیہ کو ٹرانسپورٹ کرایوں کی چیکنگ کے لئے گرینڈ آپریشن شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔