لاہور (خصوصی نامہ نگار) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیر اہتمام مینار پاکستان پر منعقدہ 41ویں عالمی میلاد کانفرنس میں لاکھوں مردوخواتین نے ایمانی جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی اور آپﷺ کی ولادت پاک کا جشن منایا۔ عالمی میلاد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ آپﷺ علم کے نور کے ساتھ مبعوث ہوئے۔ آپﷺ معلم عالم ہیں، آپﷺ نے اپنی ظاہری حیات کا ہر لمحہ علم و عمل کی دعوت دیتے بسر کیا۔ آج کی مبارک رات کا یہی پیغام ہے کہ امت بامقصد علم کے حصول پر توانائیاں بسر کرے۔ علم تکفیریت، انتہا پسندی اور تنگ نظری سے بچاتا ہے۔ علم سے طبیعت میں فراخدلی، نرمی اور خوش کلامی کے جذبات پیدا ہوتے ہیں۔ جو علم کفر کے فتوے دینے پر مجبور کر ے وہ علم ناقص ہے۔ تقویٰ و طہارت اختیار کرنے سے علم نفع بخش بنتا ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کویت کے شیخ عبداللہ نجیب سالم، مصر کے ڈاکٹر عبدالفتاح عبدالغنی العواری اور ایران سے عالمی شہرت یافتہ قراء حضرات کو منہاج القرآن کی خصوصی عوت پر پاکستان آنے پر مبارکباد دی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے غیر ملکی مہمانوں اور ہزاروں شرکاء کو مینار پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔ عالمی میلاد کانفرنس کی میزبانی تحریک منہاج القرآن لاہور نے کی۔ ہیڈ آف ریسرچ گورنمنٹ آف کویت شیخ عبداللہ نجیب سالم نے عالمی میلاد کانفرنس کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپﷺ ہر سوموار کو روزہ رکھتے تھے۔ آپﷺ نے فرمایا میں اس روز پیدا ہوا تھا۔ مصر سے منہاج القرآن کی خصوصی دعوت پر آئے ہوئے مہمان جامع الازہر کے عظیم محقق ڈاکٹر عبدالفتاح عبدالغنی العواری نے عالمی میلاد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپﷺ اللہ کے وہ جلیل القدر نبی ہیں جو ہدایت کے ساتھ مبعوث ہوئے۔ آپﷺ کے تصدق سے اللہ نے تمام لوگوں کو ہدایت کی راہ دکھائی۔ عالمی میلاد کانفرنس میں ایران سے تشریف لانے والے قراء قاری حامد شاکر نژاد، قاری غلام رضا قاسمیان، قاری ابوالقاسمی، ثناوحدیث نظری اور محمد حسین عظیمی نے دلنشین انداز میں تلاوت قرآن مجید پیش کر کے سماں باندھ دیا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے سپاس نامہ پیش کیا اور شرکائے کانفرنس اور مختلف مکتب فکر کے علماء کو خوش آمدید کہا۔ عالمی میلاد کانفرنس سے سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس، جسٹس (ر) نذیر احمد غازی، مفتی انتخاب نوری ممبر اسلامی نظریاتی کونسل نے عالمی میلاد کانفرنس سے خطاب کیا۔ سجادہ نشین پاکپتن شریف دیوان مسعود احمد چشتی، علامہ شہزاد احمد مجددی، سابق صوبائی وزیر پیر سید سعید الحسن شاہ، علامہ محمد زاہد رضا نوری، علامہ سید لطف اللہ شاہ اویسی، مفتی سید عاشق حسین شاہ، قاضی عبدالغفار نوشاہی، ڈاکٹر احمدعلی سراج، علامہ پیر قائم علی صابر اویسی، مفتی بشیر احمد جان سیفی، علامہ صاحبزادہ پرویز اکبر ساقی، پیر طاہر نذیر نقشبندی، علامہ ڈاکٹر میر آصف اکبر قادری، پیر سید علی حیدر شاہ، علامہ عبدالستار نیازی، پیر سید علی رضا چن گیلانی سمیت دیگر علماء، مشائخ نے عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کی۔ معروف کاروباری شخصیت انجم نثار، پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے بھائی محمد اسد اعظم، معروف اداکار ہنی البیلا نے عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کی۔ محمد فاروق رانا، سعید رضا بغدادی، محسن علی صفدر، حسن محمود جماعتی، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، محمد سرفراز قادری، سہیل احمد رضا، مہتاب اظہر راجپوت نے نقابت کے فرائض انجام دئیے۔ قاری اللہ بخش نقشبندی، قاری سید حمید کاظمی الازہری، حافظ محمد ارشد نقشبندی، قاری خضر ذیشان نعیمی و دیگر نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی۔ عالمی شہرت یافتہ ثنا خوان حافظ ارشد نقشبندی، غلام فرید چشتی، حمزہ نوشاہی، انعام مصطفوی، شکیل احمد طاہر، قاری امجد بلالی، ظہیر عباس بلالی، محمد خاور نوشاہی، حافظ عقیل برادران و دیگر نے بارگاہ رسالت مآب میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔